عیدمیلاالنبی ﷺ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

Eid Milad-e-Nabi

Eid Milad-e-Nabi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عیدمیلاالنبی ﷺ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔

عیدمیلاالنبی ﷺ کے موقع پر کراچی سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں جلوس نکالے جائیں گے‘ گھروں ،دوکانوں ،گلیوں اوربازاروں کو دلہن کی طرح برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا اور رات کو محافل نعت، کانفرنسوں کا اہتمام اور چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معلم انسانیت حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر اہلیان وطن کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مغرب کے جو ممالک فلاحی ریاست کا منظر پیش کر رہے ہیں ان تمام ممالک نے عہد نبوی کی ریاست مدینہ سے رہنمائی حاصل کی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے محسن انسانیت ﷺ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو بالعموم اور اہلیان وطن کو بالخصوص مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ﷺنے اپنے حسن انتظام سے روئے زمین پر ایک ایسی مثالی فلاحی ریاست اور رول ماڈل معاشرہ قائم کیا، ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد صرف امت مسلمہ کی بھلائی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی فلاح و بہبود تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کا اسوہ حسنہ عدل وانصاف،سچائی بقائے باہمی، انسانیت سے ہمدردی،صبر و برداشت اور امن ومحبت کی بہتر ین مثال ہے، پاکستان الیکٹرک پاورکمپنی نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔