عید کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ روک سکی

Load Shedding

Load Shedding

اسلام آباد (جیوڈیسک) عید کے موقعے پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عید کے پہلے اور دوسرے دن بھی جاری رہا۔

عید الاضحی پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کے باوجود کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ ان علاقوں میں بلدیہ ٹاون، اتحاد ٹاون، نارتھ ناظم آباد، گلستان جوہر ،گلشن اقبال اور ملحقہ علاقوں شامل ہیں۔ لوڈشیڈنگ سے عید کے رنگ بھی پھیکے پڑے گئے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

عید کے روز بھی دھابیجی گھارو اور حب پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کراچی شہر کو پانچ کروڑ گیلن سے زائد پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ خان پور مہر میں سینکڑوں دیہاتوں میں چودہ گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔ جس پر علاقہ مکین سراپا احتجاج ہوگئے۔

چاغی میں بھی حکومتی اعلان کے باوجود لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ کوئٹہ میں بھی عید کی تعطیلات میں لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ گھوٹکی اور ماتلی میں کئی گھنٹوں طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔