انتخابات : 1 ہزار سے زائد امیدواروں نے ذریعہ معاش نہیں بتایا

Elections

Elections

اسلام آباد(جیوڈیسک)قومی اسمبلی کے 4 ہزار 108 امیدواروں میں سے ایک ہزار 226 امیدواروں نے اپنا پیشہ اور ذریعہ معاش ظاہر نہیں کیا۔ 23 امیدوار بیروزگار، 30 پراپرٹی ڈیلر اور 78 امیدواروں کا پیشہ ہی سیاست ہے ۔قومی اسمبلی کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد اب میدان میں 4 ہزار 108 امیدوار رہ گئے ہیں۔

جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں امیدواروں کے پیشے کے خانے سے دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں۔ انتخابات میں شریک ایک ہزار 226 امیدواروں کو اپنا پیشہ ظاہر کرنے میں شرمندگی محسوس ہوئی جس پر انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اسے لکھنا مناسب ہی نہ سمجھا۔ مرتب کی گئی رپورٹ کے مطابق 786 امیدوار زراعت سے وابستہ ہیں۔

777 امیدواروں کا ذاتی کاروبار جبکہ 307 امیدوار وکیل ہیں۔276 امیدوار زمیندار، 131 ملازمت پیشہ ہیں ۔71 امیدوار ڈاکٹر ہیں تو 48 پیش امام یا عالم ۔انتخابات میں 48 سماجی کارکن اور 41 گھریلو خواتین بھی امیدوار ہیں ۔پراپرٹی ڈیلر بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں جن کی تعداد 30 ہے ۔

29 امیدوار ریٹائرڈ ملازم جبکہ 28 مزدور ہیں ۔22 صحافی بھی انتخابی عمل میں شریک ہیں ۔ 14 امیدوار طالب علم جبکہ 23 بیروزگار ہیں اور 78 امیدواروں تو ایسے ہیں جو اور کوئی کام نہیں کرتے بس صرف سیاست کرتے ہیں۔