بجلی بحران : نواز شریف کو کالا باغ ڈیمفوری تعمیر کا اعلان کرنا چاہیے، بابر اعوان

Babar Awan

Babar Awan

لاہور (جیوڈیسک) سابق وفاقی وزیر قانون اور پیپلزپارٹی کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران سے نمٹنے کیلیئے و زیراعظم نواز شریف کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا اعلان فورا کرنا چاہیے۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں میاں عبدالوحید کی کتاب کی تقریب رونمائی کے بعد ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے سا بق وفاقی وزیر بابر اعوان نے کہا کہ عوام نے بھاری مینڈیٹ کے ساتھ جسطرح مسلم لیگ ن کو منتخب کیا، اسی تیزی کے ساتھ ان سے مایوس ہورہی ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ ملک میں توانائی کا شدید بحران ہے، اور دریا سوکھ رہے ہیں، نومنتخب حکومت کو پانی محفوظ کرنے کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے ساتھ دیگر اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے دوستانہ تعلقات استوار کرنے سے پہلے مسئلہ کشمیر اور اس کے بعد پانی کے مسئلے پر دو ٹوک بات کرے۔

بابر اعوان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو الیکشن میں شکست ہوئی لیکن انہیں کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پیپلزپارٹی میں ناراض کارکنوں سے متعلق سوال پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی جماعت میں گروہ بندی کے قائل نہیں۔