بجلی و گیس چوری کیخلاف مہم، شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، شہباز شریف

 Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گیس اور بجلی چوری کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے لیکن کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے، انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ حاطر رکھا جائے۔

وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبائی سیکرٹری صنعت و چیئرمین ٹاسک فور س برائے انسداد بجلی و گیس چوری اور متعلقہ افسران نے شرکت کی-اجلاس میں صوبے میں بجلی و گیس چوروں کے خلاف جاری مہم میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلی نے کہا کہ بجلی و گیس چوری کے خلاف اقدامات کرتے ہوئے شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔کسی بے گناہ سے زیادتی نہیں ہونی چاہئے اور قصور وار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے کارروائی کے دوران شفافیت کے ساتھ میرٹ اور قانونی تقاضوں کو بھی مد نظر رکھا جائے۔

چیئرمین ٹاسک فورس عرفان علی نے صوبہ پنجاب میں کارروائی کے دوران اربوں روپے کی گیس و بجلی چوری کا سراغ لگایا ہے۔