بجلی کا بڑھتا بحران ، وزیر اعظم کی ہدایت پر 10 ارب جاری

Prime Minister

Prime Minister

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد نگراں وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خزانہ نے تیل کی خریداری کیلئے وزارت پانی وبجلی کو دس ارب روپے جاری کر دیئے ، وزیراعظم نے 56.4 میگاواٹ کے ونڈ پاور منصوبے کو 48 گھنٹے کے اندر قومی گرڈ سے منسلک کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق نگراں وزیراعظم میر ہزار کھوسو کی زیر صدارت وزیراعظم ہاوس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک کی توانائی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ وزارت خزانہ نے وزارت پانی وبجلی کو دس ارب جاری کردیئے ہیں۔

وزیراعظم نے یہ رقم فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے جھم پیر میں ترک کمپنی کی طرف سے لگائے گئے56.4 میگاواٹ کے ونڈ پاور منصوبے کے تمام تقاضے بلاتاخیر مکمل کرنے اور اسے 48 گھنٹے کے اندر قومی گرڈ سسٹم سے منسلک کرنے کی ہدایت کی۔ حیسکو کے چیف ایگزیکٹو افسر وزیراعظم کو بتایا کہ ونڈ مل پراجیکٹ سے قومی گرڈ کو بجلی کی منتقلی کے لئے لائنیں بچھا دی گئی ہیں۔