ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا حکومت کو مہنگا پڑے گا، لیاقت بلوچ

Liaquat Baloch

Liaquat Baloch

لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے قومی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام دشمن بجٹ نے حکومت سے وابستہ توقعات کو یکدم خاک میں ملادیاہے،ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا حکومت کو مہنگا پڑے گا۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تمام بنیادی اشیائے ضروریہ میں ہوشربا گرانی غریبوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عجلت میں تیا رکردہ بجٹ پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی چھاپ ہے۔ مسلم لیگ ن عوام کی خیر خواہ ہے تو اسے آئندہ تین ماہ میں نئی اقتصادی حکمت عملی کے تحت نیا بجٹ لانا ہوگا۔

وزیر خزانہ اسحق ڈار کا پیش کردہ بجٹ عوام کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بجلی بحران کا خاتمہ ، تیل گیس سی این جی کی فراہمی، آٹا، دال چینی گھی تیل کی سستی فراہمی کو ترجیح دے اور سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے معاوضہ اور پنشن میں اضافہ افراط زر کی شرح کے مطابق کرے۔