توانائی کے بھارتی ماہرین کی شہباز شریف سے ملاقات

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیراعلی محمد شہباز شریف سے توانائی سیکٹر سے تعلق رکھنے والے بھارتی ماہرین نے ملاقات کی،ملاقات میں امرتسر سے لاہور تک بجلی کی فراہمی کیلئے ٹرانسمیشن لائن اور جالندھر سے جلو تک گیس پائپ لائن بچھانے کے مجوزہ منصوبوں کا جائزہ اور پاور اور گیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال بگلے ،جاوائنٹ سیکریٹری وزارت بجلی مسز ریٹا اچاریہ، جوائنٹ سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس پی کے سنگھ، پاورگرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ اور جی اے آئی ایل کے نمائندوں پرمشتمل اعلی سطح کے وفدنے ماڈل ٹاون لاہورمیں وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی۔

شہباز شریف نے کہاکہ توانائی سیکٹر میں تعاون بڑھانے کیلئے بھارتی دلچسپی خوش آئند ہے،دونوں ممالک کے درمیان مفید معاشی تعلقات کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو توانائی کی شدید کمی کا سامنا ہے۔

اس بحران کے باعث معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، دونوں ممالک تجارتی، اقتصادی اور معاشی تعلقات کو فروغ دے کر آگے بڑھ سکتے ہیں، وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستانی ماہرین کا وفد جلد بھارت کا دورہ کرے گا، ہمیں پرامن ہمسایوں کی طرح رہنا ہے، وہ مفید اور قابلِ عمل تجاویز وزیراعظم کے سامنے پیش کریں گے۔