ارطغرل غازی کے ’’ارتک بے‘‘ انتقال کر گئے

Ayberk Pekcan

Ayberk Pekcan

استنبول (اصل میڈیا ڈیسک) مشہور ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے مشہور کردار ’ارتک بے‘ طویل عرصہ کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کرگئے۔

آئبرک پیکچن کو ان کے آبائی گاؤں مرسیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

چند ماہ قبل آئبرک پیکچن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پیارے دوستو! کمرمیں درد کی شکایت کی وجہ سے ڈاکٹر سے مشورہ کیا، اس کے ساتھ شروع ہونے والا عمل آج اس مقام پر پہنچا کہ مجھے پھیپھڑوں کا کینسر ہے۔ ٹیومر بھی پھیل گیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بدقسمتی سے ابتدائی مرحلے میں بیماری کی تشخیص نہیں ہوسکی ، کیموتھراپی کا پہلا دن ہے اور میرا خاندان اور دوست میرے معاون ہیں، میں اپنی صحت کو بحال کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔

آئبرک پیکچن صرف 51 سال کے تھے اور ان کے دوستوں نے ان کی مسلسل جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دیا لیکن وہ بدقسمتی سے جانبر نہ ہو سکے۔

آئبرک کے انتقال کی خبر سے پورے ترکی میں صدمے کی لہریں دوڑ گئی اور ان کے ساتھی اداکاروں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ برس جنوری میں سیریل ارطغرل غازی میں ’’بامسی‘‘ اور ’’ارتک بے‘‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اسلام آباد میں ترک سفیر مصطفیٰ یوردکل نے بھی دونوں اداکاروں کے ہمراہ ایک تصویر ٹوئٹ کر کے یہ ثبوت دیا کہ وہ پاکستان میں ہی موجود ہیں۔