یورپی یونین نے روس پر عائد پابندیوں کی مدت میں توسیع کر دی

European Union

European Union

یوکرائن (اصل میڈیا ڈیسک) یورپی یونین نے یوکرائن کو غیر مستحکم کرنے کی وجہ سے 2014 سے روس پر عائد اقتصادی پابندیوں کی مدت میں مزید 6 ماہ کا اضافہ کر دیا ہے۔

یورپی یونین کونسل نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ روس پر عائد اقتصادی پابندیوں کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق مذکورہ فیصلہ 24 تا 25 جون کو منعقدہ یورپی یونین سربراہی اجلاس میں اور منسک سمجھوتوں کے اطلاق سے متعلق حالیہ جائزوں کے بعد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ روس نے 18 مارچ 2014 کو کریمیا خود مختار جمہوریہ اور سیواستوپول شہر کا غیر قانونی الحاق کر لیا تھا۔

کریمیا کے الحاق اور یوکرائن کے مشرق میں شروع ہونے والے واقعات کے بعد یورپی یونین ، امریکہ اور بعض دیگر ممالک نے 2014 میں پہلی دفعہ روس پر پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

توسیعی اقتصادی پابندیوں کی رُو سے یورپی یونین کے رکن ممالک روس کے ہاتھ اسلحے کی فروخت نہیں کرتے۔

ان پابندیوں کے ساتھ روس کے گیس اور پیٹرول سیکٹروں میں استعمال کی جانے والی کچھ حساس ٹیکنالوجی کی یورپی یونین ممالک سے خرید کو محدود کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں روس کے سرکاری بینکوں کو بھی یورپ کے مالیاتی سیکٹر میں قبول نہیں کیا جاتا۔