یورپی ممالک میں شدید برف باری سے معمولات ِ زندگی متاثر

European Countries Snow

European Countries Snow

یورپ(جیوڈیسک) یورپ کے مختلف ملکوں میں شدید برف باری سے معمولات ِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ جرمنی میں سو سے زائد گاڑیاں ٹکرانے سے کئی افراد زخمی ہو گئے، برطانیہ میں ٹرین سروس معطل اور پروازیں منسوخ ہونے سے لاکھوں افراد کو پریشانی کا سامنا ہے۔ جرمنی میں فرینکفرٹ کے علاقے میوزنبرگ کے قریب ایک شاہراہ پر سو سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

حادثے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے تاہم کوئی ہلاک نہیں ہوا۔ جرمنی میں غیر متوقع شدید برف باری کے باعث فرینکفرٹ ایئرپورٹ بند کر دیا گیا ہے، زیر زمین ٹرینیں روک دی گئی ہیں اور فوج کو سڑکیں صاف کرنے میں مدد فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔دوسری جانب برطانیہ میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

سڑکیں، ٹرینیں اور پروازیں بند ہونے سے لاکھوں افراد شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ خراب موسم کی وجہ سے لندن سے پیرس اور برسلز کے درمیان چلنے والی یورو اسٹار ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔