برآمدات میں اضافہ ثابت کرتا ہے کہ ہم درست راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں: ایردوان

Tayyip Erdogan

Tayyip Erdogan

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی نے سال 2021 کو 225 بلین ڈالر مالیت کی برآمدات کے ساتھ مکمل کیا ہے اور یہ اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ ہم درست راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں۔

صدر ایردوان نے جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے مرکزی دفتر میں ضلعی سربراہان اجلاس سے خطاب میں 2021 کے برآمداتی اعداد و شمار کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ “2021 برآمداتی سال کو 225 بلین ڈالر زرِمبادلہ کے ساتھ مکمل کرنا اس بات کی آئینہ داری کر رہا ہے کہ ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔اس کامیابی کے ساتھ ترکی نے ثابت کر دیا ہے کہ تمام مظلوم اور حق تلفیوں کا سامنا کرنے والے اپنی قوّتِ ارادی اور کوشش سے بلند ترین معیاروں تک پہنچ سکتے اور ترقیاتی کاروائیاں سرانجام دے سکتے ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ اس وقت ہم پہلے سے کہیں بڑے ترقیاتی مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ اس وقت ہم جو اقدامات کر رہے ہیں ان سے ہمارا مقصد ترکی کو دنیا کی پہلی 10 اقتصادی طاقتوں میں شامل کرنا ہے۔ ہم نے اپنے نئے اقتصادی پروگرام میں روزگار کی فراہمی کو اوّلیت دی ہے۔

تنخواہ کی کم ترین سطح کے تعین سے لے کر سرکاری ملازمین اور پینشن میں اضافے تک ہر معاملے میں ہم نے اس نقطہ نظر کو ملحوظ رکھا اور اسے عملی جامہ پہنایا ہے۔ اللہ کی مدد سے ہم مشکل ترین مرحلے سے نکل آئے ہیں۔ اب کے بعد وقت اپنی محنت کا پھل وصول کرنے اور ملت کو، قدم بہ قدم اپنے اہداف کی طرف بڑھتا دِکھانے کا وقت ہے۔