شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دے رہا ہے عمران چنگیزی

کراچی : جمہوریت ہی مستحکم و خوشحال پاکستان کی ضامن ہے مگرجمہوریت کے قیام و استحکا م کیلئے شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے ۔ نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاونڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیز ی نے کراچی میں سیاسی جماعت کے انتخابی کیمپ پر دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا چونکہ جمہوریت کا تحفظ و قیام شفاف انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

اسلئے انتخابات کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی جمہوریت کے تحفظ کے ضامن’امن و امان کے قیام اور انتخابات کے ذمہ دار اداروں کا فریضہ ہے مگر سبوتاژ انتخابی ماحول ان اداروں کی ناکامی کا ثبوت اورمخصوص سیاسی جماعتوں وشخصیات کے خلاف دہشتگردانہ کاروائیوں پر خاموشی ان کی غیر جانبداری کو مشکوک بنارہی ہے،

جو یقینا جمہوریت کے مستقبل کیلئے خطرناک ہے اسلئے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے شفاف انتخابات اور اس میں حصہ لینے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع کی فراہمی کے ساتھ ان سے یکساں سلوک بھی ناگزیر ہے بصورت دیگر انتخابات شفاف نہیں کہلائے جائیں گے۔

ان کے نتیجے میں آنے والی جمہوریت چھ ماہ سے زیادہ نہیں چل پائے گی اور مختصر مدت کی حکومتوں کی بار بار آمد و رخصتی کے باعث ہی آج پاکستان ان تمام مسائل و بحرانوں سے دوچار ہے جن کی وجہ سے عوام کی زندگی عذاب اور پاکستان کا ماحول جہنم نما بنا ہوا ہے۔