شفاف انتخابات کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آئینی حق دیا جانا چاہئے این ڈبلیو اے

کراچی : نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نیشنل ورکرز الائنس کے چیئرمین محمد اسلم خان ووٹرز الائنس پاکستان کے چیئرمین جمیل اقبال سید امریکن پاکستانی ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر سکندر شیخ فارن ریذیڈنشل پاکستانی ایسوسی ایشن کے نمائندے ارشد انور اور دیگر کمیونٹی سماجی و سیاسی نے شفاف انتخابات کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کامشترکہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز کی ترقی و استحکام اور بیرون ملک رہتے ہوئے پاکستانی مفادات کے تحفظ کیلئے جو خدمات و کارنامے انجام دے رہے ہیں وہ یقینا قابل توصیف ہیں اسلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن عزیز میں موجود پاکستانیوں ہی کی طرح تمام حقوق و مراعات ملنی چاہئیں اور یہ ان کا حق و استحقاق ہے کہ وہ وطن عزیز کی ترقی و استحکام اور پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے قیادت کے انتخاب میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

انہیں ان کے اس آئینی حق سے روکنے کی کوئی بھی کوشش انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان کھڑا کرنے کے ساتھ براہ راست غیر آئینی اقدام بھی کہلائے گی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حق تلفی بھی ہوگی اسلئے بناء کوئی عذر تراشے تمام ضروری انتظامات و اقدامات کی تکمیل کرتے ہوئے انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوبھی ووٹ ڈالنے کا حق فراہم کیا جانا چاہئے۔