سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا : شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

سید پور(جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقے کے دورے کے دوران کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور گھروں میں واپسی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ علی پور کے علاقے سید پور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہیڈ پنجند سے سگی بند کو پختہ کیا جائے گا تا کہ آئندہ سیلاب سے تباہ کاریوں سے بچا جاسکے۔

اس ماہ کے اخر تک سیلاب کا پانی اترنے کے بعد متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا سروے کر کے اس کا ازالہ کیا جائے گا اور کسانوں کو کھاد مفت فراہم کی جائے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں موجود سکولوں اور کالجوں کی ایک سال کی فیسیں معاف کر دیں ہیں۔ 2010 کے سیلاب کے دوران بھی میں آپ کے دکھ میں برابر شریک تھا۔

اور اب بھی متاثرین کی بحالی تک یہاں آتا رہوں گا۔ اس موقع پر سیلاب میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والی منصب مائی اور 14 سالہ علی رضا کے اہل خانہ کو 5،5 لاکھ کے چیک تقسیم کیے۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے روانہ ہوتے ہی سیلاب متاثرین امدادی سامان پر ٹوٹ پڑے اور امدادی سامان کے حصول کے لیے گھتم گھتا ہو گئے جبکہ میاں شہباز شریف سے ملاقات کا خواہشمند 25 سالہ نوجوان سکندر کو وزیر اعلی پنجاب سے ملنے کی اجازت نہ ملنے پر سیلابی پانی میں چھلانگ لگا دی تاہم ریسکیو نے نوجوان کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔