دھند نے پنجاب پر قبضہ جما لیا، حادثات میں تین افراد جاں بحق، پانچ زخمی

Fog

Fog

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ جھنگ شہر اور گرو نواح میں بھی دھند کا دور دورہ، کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔

گوجرانوالہ میں شیخوپورہ روڈ پر دھند کے باعث تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار رفیق اور اس کا والد عبدالغنی جاں بحق ہو گئے۔ جی ٹی روڈ پر غلہ منڈی والا کے قریب راولپنڈی سے لاہور جانے والے ٹرک کی ٹکر سے تنویر جاں بحق ہو گیا جبکہ سلمان کی حالت تشویشناک ہے۔

گوجرہ میں دھند کے باعث بس الٹ گئی۔ حادثے میں چار مسافر شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

جھنگ میں بھی سردی کی شدید لہر جاری ہے شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی ہے۔

شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک آمدو رفت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ اسکولوں اور سرکاری دفاتر میں حاضری بھی کم رہی سردی کی شدت میں اضافے نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے۔