سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کو انتخابی مہم کی مالی معاونت پر ایک سال قید کی سزا

Nicolas Sarkozy

Nicolas Sarkozy

فرانس (اصل میڈیا ڈیسک) سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کو 2012 میں اپنی ناکام ری الیکشن مہم میں غیر قانونی طور پر مالی معاونت کے الزام میں ایک سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز پیرس کی عدالت نے سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کو 2012 میں اپنی ری الیکشن مہم میں غیر قانونی طور پرکروڑوں یوروز خرچ کرنے کے الزام میں مجرم قرار دے دیا۔

عدالتی احکامات کے مطابق سابق فرانسیسی صدر برقی ٹیگ پہن کر گھر میں ہی قید مکمل کریں گے۔

سابق فرانسیسی صدر نے اس عدالتی فیصلے کو نا انصافی قرار دیتے ہوئے تمام الزامات کی تردید کی اور کہا کہ وہ سچ اور انصاف کی تلاش کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

ان کے وکیل نے مزید کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو رواں سال مارچ میں کرپشن الزامات ثابت ہونے پر تین سال قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی لیکن تین سال قید کی مدت میں سے دو سال کی سزا کو معطل کر دیا گیا تھا اور باقی رہ جانے والی سزا بھی گھر پر ہی نظر بند رہ کر گزارنے کا حکم دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ نکولس سرکوزی فرانس کے پہلے سابق صدر ہیں جنھیں دو بار عدالت کی جانب سے سزا سنائی گئی ہے ۔