آئندہ وزیراعلی سندھ متحدہ کا ہوگا،الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

سندھ (جیوڈیسک)پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی فہمیدہ شاہ نے متحدہ میں شمولیت اختیار کرلی۔ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کہتے ہیں کہ آئندہ وزیر اعلی سندھ متحدہ کا ہوگا۔ وڈیڑوں کی جیلوں کو توڑ یں گے۔

یہ بات انہوں نے صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کے معروف سیاسی گھرانے، پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن سندھ اسمبلی شفیق احمد شاہ ، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ٹھٹھہ کی صدر محترمہ فہمیدہ شاہ ، صاحبزادی شبانہ شاہ اور ان کے خاندان کے دیگر افراد سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ الطاف حسین نے شفیق شاہ او رفہمیدہ شاہ کی ہزاروں افراد کے ساتھ شمولیت کو سندھ دھرتی کیلئے خوش آئند کہتے ہوئے۔

اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سے سندھ میں سندھی مہاجر کی تفریق پیداکرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی اور دونوں فریقین ایک دوسرے کے قریب آئیں گے، اس سے سندھ میں غربت ،جہالت اور بدحالی کے خاتمے میں مدد ملے گی جبکہ مضبوط سندھ مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے، ہم سب مل کر سندھ کو ایک مثالی صوبہ بنائیں گے اور ایک نئی روایت قائم کرینگے۔

الطاف حسین نے گفتگو میں مزید اس امر پر افسوس کا اظہا ر کیا کہ سندھ بھر میں قدیم اور فرسودہ نظام قائم ہے جہاں کاروکاری اور ونی کے نام پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے ۔ جاگیر دار ہاریوں اورمظلوم عوام کے خاندان در خاندان غلاموں کی حیثیت سے جیلوں میں رکھتے ہیں ، ایم کیوایم اقتدار میں آکر ان فرسودہ نظام کے شکنجے کو توڑ دے گی ۔

الطاف حسین نے شفیق احمد شاہ اور فہمیدہ شاہ کی ایم کیوایم میں شمولیت کو سندھ کے مظلوم محروم عوام کی فتح قرار دیتے ہوئے سندھ کے تمام عوام کو مبارکبا د پیش کی۔اس موقع پر شفیق احمد شاہ اور فہمیدہ شاہ نے الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایم کیوایم کے ہراول دستے کے اہم رکن ثابت ہونگے۔