غزہ میں اسرائیلی بمباری جاری ، مزید نو فلسطینی شہید

Palestinians

Palestinians

غزہ (جیوڈیسک) اسرائیل کا غزہ پر بم برسانے کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید نو فلسطینی شہید ہو گئے۔ بتیس روز سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک دو ہزار فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔

ادھر مصر میں اسرائیلی اور فلسطینی وفد جنگ بندی کے لیے آج پھر مذاکرات کرے گا۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت دوسرے ماہ میں داخل ہو گئی، صیہونی طیارے دن رات غزہ پر بم برسا رہے ہیں۔ تازہ حملوں میں مزید نو فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

اسرائیل دو دن میں غزہ میں سو سے زائد مقام پر بمباری کر چکا ہے۔ غزہ میں جنگ بندی کیلئے مصر میں بالواسطہ مذاکرات آج پھر شروع ہو رہے ہیں جس میں شرکت کیلئے اسرائیلی وفد آج قاہرہ پہنچے گا۔

دوسری طرف دنیا بھر میں اسرائیلی بربریت کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ لندن میں ڈیڑھ لاکھ افراد نے امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے۔

کیپ ٹاؤن میں بھی ہزاروں افراد نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرے کیے۔ نیویارک میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں میں خواتین بھی شریک ہوئیں۔ وینزویلا میں شہریوں نے غزہ کے بچوں کے لیے کھلونے بنائے۔