غزہ کی صورتحال پر بھارتی حکومت کا رویہ مجرمانہ اور افسوسناک ہے: علی گیلانی

Ali Geelani

Ali Geelani

سرینگر (جیوڈیسک) کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین حریت سید علی گیلانی نے اسرائیل کی تازہ بمباری میں سینکڑوں فلسطینیوں کے شہادت پر اپنے گہرے صدمے اور رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک کے حکمران اب بھی نہ جاگے تو ان سب کا انجام بھی فلسطینیوں جیسا ہو گا اور خدانخواستہ مستقبل قریب میں ان کے شہربھی غزہ جیسی صورتحال سے دوچار ہونگے۔

انہوں نے امریکہ کی جانب سے اسرائیل کے حفاظتی نظام کے لیے مزید 225کروڑ ڈالر امداد منظور کیے جانے کو ریاستی دہشت گردی کی کھلم کھلا حمایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اب برہنہ طور سامنے آگیا ہے اور اس کا اسرائیل کو اس موقع پر مدد فراہم کرنا مسلمانوں کے خلاف اس کی طرف سے باضابطہ اعلانِ جنگ کے برابر اقدام ہے۔

اخبارات کے لیے جاری بیان میں گیلانی صاحب نے کہا اسرائیل ریاستی حیثیت سے ایک دہشت گرد ملک ہے اور امریکہ اس کی حمایت کرکے خود ایک دہشت گرد ریاست ثابت ہوگئی ہے اور امریکی روئیے نے مغربی جمہوریت، تہذیب اور انسانی حقوق کے تمام تر نعروں کو جھوٹ اور فریب ثابت کردیا ہے۔

گیلانی نے غزہ کی صورتحال پر بھارتی حکومت کے رویے کو بھی انتہائی مجرمانہ اور افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ یہود اور ہنود کی مسلمانوں کے خلاف مشترکہ مجرمانہ ذہنیت واضح طور پر عیاں ہوگئی ہے اور بھارت اور اسرائیل کے ایک دوسرے کے اسٹریٹجک پارٹنر ہونے کی بات پایہ ثبوت کو پہنچ گئی ہے۔

آزادی پسند راہنما نے کہا کہ بھارت غزّہ میں مسلمانوں کے قتل عام پر نہ صرف خوش ہے، بلکہ اس نے جموں کشمیر میں خود بھی اسرائیل کی پالیسی اور منصوبوں پر عمل کرانے کے ایجنڈے پر کام شروع کیا ہے۔