جرمنی: برلن میں فائرنگ سے متعدد افراد زخمی

Germany Police

Germany Police

برلن (اصل میڈیا ڈیسک) جرمن دارالحکومت برلن میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے اور برلن پولیس علاقے میں ان کی تلاش اور تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس علاقے میں ناکہ بندی کے بعد مسلح پولیس اہلکاروں کو حملہ آوروں کی تلاش پر مامُور کر دیا گیا ہے۔

برلن پولیس کے مطابق آج بروز ہفتہ چھبیس دسمبر کی صبح برلن کے مغربی علاقے کروئزبرگ میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ اس واقعے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوگئے، جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم فائر بریگیڈ عملے نے مزید تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ زخمیوں میں سے تین افراد قریبی سڑک کے پاس ملے جب کہ چوتھے زخمی کو علاقے کی ایک نہر سے باہر نکالا گیا۔ اس شخص کو بظاہر ٹانگ میں چوٹ آئی ہے۔ پولیس نے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

برلن میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فوراﹰ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس علاقے میں ناکہ بندی کے بعد مسلح پولیس اہلکاروں کو حملہ آوروں کی تلاش پر مامُور کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کا ایک ہیلی کاپٹر کروئزبرگ علاقے میں گشت کرتا ہوا دیکھا گیا، اور پولیس نے قریبی سب وے اسٹیشن مؤکن بُروکے کے آس پاس بھی تلاشی لی تھی۔

یہ واقعہ برلن کی ایک سڑک ‘شٹریس مان شٹراسے‘ پر واقع جرمن سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی دفتر کے قریب پیش آیا ہے۔ برلن پولیس نے فی الحال اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی کہ اس پرتشدد واقعے میں کون ملوث ہے یا پھر گولیاں کس نے چلائیں۔ برلن پولیس کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے پس پردہ سیاسی پہلو کا فی الحال کوئی اشارہ نہیں ملا ہے لیکن صورتحال اب بھی غیر واضح ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ برلن میں مختلف جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان تنازعات کے نتیجے میں اکثر پرتشدد واقعات دیکھنے میں آتے ہیں۔ حال ہی میں کروئزبرگ میں ہی ایک 29 سالہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد تقریباﹰ 10 افراد نے ایک گراؤنڈ فلور فلیٹ اور ایک کار پر حملہ بھی کیا تھا۔