بلوچستان میں سردی مزید بڑھ گئی

 Balochistan

Balochistan

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں اور بلوچستان میں سردی مزید بڑھ گئی ہے، آج صبح سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بٹوگا ٹاپ، بابو سر ٹاپ اور نیاٹ ویلی کے پہاڑوں پر دو دن سے برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

غذر کے بالائی اور میدانی علاقوں میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے برف باری ہو رہی ہے۔ شدید سردی کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی جم گیا۔ تفریحی مقامات پر سناٹا چھایا ہوا ہے۔ مالا کنڈ ایجنسی میں بھی برف باری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ جلانے والی لکڑیوں اور کوئلے کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھا دی گئی ہیں۔ چمن، زیارت، پشین، خانوزئی اور کان مہترزئی سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خشک سردی برقرار ہے۔

سندھ اور پنجاب میں بھی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح سب سے کم درجہ حرارت بلوچستان کے علاقے قلات میں منفی 12 رہا جبکہ پارا چنار میں منفی 10، کوئٹہ اور استور منفی 09 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔