گھوٹکی میں نوجوان کو زنجیروں سے جکڑ کر رکھنے کا انکشاف

Young

Young

گھوٹکی(جیوڈیسک) گھوٹکی میں ایک نوجوان کو 2 سال سے زنجیروں میں جکڑ کر رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ گھوٹکی ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک گھر میں 22 برس کے مرتضی میرانی کو گزشتہ 2 سال سے قیدیوں کی طرح پاوں میں بیڑیاں اور ہاتھوں میں زنجیریں ڈال کر رکھا جارہا ہے، اسے دن میں درخت اور رات کو چار پائی سے باندھ دیا جاتا ہے۔ زنجیروں میں جکڑے نوجوان کے والد محمد قاسم میرانی کے مطابق اس کا بیٹا 2 سال قبل گاوں اللہ یار کے قبرستان سے گزرا تھا۔

گھر آیا تو شدید بخار ہوگیا اوروہ گھر اورمحلے والوں پر حملے کرنے لگا جس کے باعث وہ اسے زنجیروں میں جکڑنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ بیٹے کا رحیم یار خان کے اسپتالوں میں علاج بھی کرایا مگر کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ مولوی کہتے ہیں کہ مرتضی پر جن کا سایہ ہے، ایک مولوی نے جن نکالنے کے 40 ہزار روپے مانگے ہیں مگر اس کے پاس صرف 10 ہزار روپے ہیں۔ مرتضی کو مسلسل زنجیریں باندھے جانے سے اس کی ٹانگوں اور بازووں پر زخم ہو گئے ہیں۔