گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوئے:چیف الیکشن کمشنر

Raja Shahbaz Khan

Raja Shahbaz Khan

گلگت بلتستان (اصل میڈیا ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کا کہنا ہے کہ انتخابات صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوئے ہیں اور عوام نے مرضی سے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔

گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان کا کہنا تھا کہ چند سیاسی پارٹیوں کے سربراہان شکوک و شبہات پیدا کرنا چاہتے ہیں، ان سے اپیل ہے کہ بیانات کے بجائے الیکشن کمیشن سے رجوع کریں۔

چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان کا کہنا تھاکہ غیر ذمہ دارانہ اور غیر ضروری بیانات سےگریز کیا جائے، گلگت بلتستان میں پرامن ماحول میں پولنگ ہوئی ہے، عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 23 حلقوں میں سے کچھ علاقوں میں بارش اور برفباری بھی ہوئی ہے، نتائج آنے میں وقت لگے گا، پریزائیڈنگ آفیسر سے ابھی میرے پاس کوئی سرکاری نتیجہ نہیں آیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نتائج پولنگ ایجنٹوں کے سامنے بنائے جارہے ہیں اور جس فارم پر رزلٹ بنتا ہے اس پر تمام پولنگ ایجنٹوں کے دستخط ہوتے ہیں، کسی پولنگ اسٹیشن پر پولیس کی نفری کم نہیں تھی، دو ماہ سے کہہ رہا ہوں کہ اگر کہیں دھاندلی ہوئی ہے تو مجھے بتائیں۔

ر راجہ شہباز خان کاکہنا تھاکہ انہوں نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ایجنٹوں سے پوچھا کہ آپ مطمئن ہیں تو سب نے مثبت جواب دیا، گلگت بلتستان کے عوام آج عید کی طرح خوش تھے، مختلف علاقوں میں خوشی میں فائرنگ کی گئی، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔