حکومت کیخلاف احتجاج کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا، میاں محمود الرشید

Mian Mehmood Ur Rashid

Mian Mehmood Ur Rashid

فیصل آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ عید الاضحی کے بعد احتجاج کی کال دیں گے۔ انہوں نے یہ بات فیصل آباد میں پریس کانفرنس میں کہی انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت نے انتخابی وعدے پورے نہ کر کے چار ماہ میں ہی عوامی توقعات کو ملیا میٹ کر دیا۔ کشکول توڑنے کی بجائے مزید بڑا ہوگیا، عوام کو ریلیف ملنے کی بجائے مشکلات بڑھ گئیں،انہوں نے کہا کہ عوام مسلم لیگ ن کی حکومت سے اکتا چکے ہیں جس کا ثبوت پی پی 72 کے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت کے امیدوار کی بدترین شکست ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پنجاب سے کوئی دلچسپی نہیں ،صوبے کے تمام امور حمزہ شہباز چلا رہے ہیں۔ اگر شہباز شریف کو مرکز سے زیادہ دلچسپی ہے تو استعفی دے کر وفاقی وزیر یا نائب وزیر اعظم بن جائیں اور حمزہ شہباز کو وزیر اعلی بنا دیں۔ محمود رشید نے کہا کہ منظور نظر افراد کی مشاورت سے حلقہ بندیوں کرنے اور فنڈز کے اجرا سے بلدیاتی انتخابات شروع ہونے سے قبل ہی دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا ہے، مگرعوام کے ذہنوں کو مسلم لیگ ن دوبارہ نہیں جیت سکتی۔