حکومت سے بات چیت کی تمام گنجائش ختم ہو چکی ہے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کارکنان کو پکڑ کر جیلوں میں ڈال رہی ہے جس کے بعد حکومت سے بات چیت کی تمام گنجائش ختم ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں کہیں سے انصاف نہیں ملا جس کےبعد عوام اپنے پر امن احتجاج کے لیے آج باہر نکلے ہیں کیونکہ یہ ان کا جمہوری حق ہے لیکن حکومت کارکنان اور نوجوانوں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈال رہی ہے جس پر وزیراعظم نوازشریف کو شرم آنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اب حکومت کے ساتھ بات چیت کی تمام گنجائشیں ختم ہوچکی ہیں اب جب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دیتے ان سے کوئی بات نہیں ہوگی، یہ مفادات اور جنون کا مقابلہ ہے جس میں میرا عزم وحوصلہ 100 گنا زیادہ ہوگیا ہے، ان لوگوں نے جو میرے کارکنان اور عوام کے ساتھ کیا یہ سب قوم کے مجرم ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت بچانے کے نام پر قوم کا کروڑوں روپیہ برباد کرکے اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا لیکن کیا یہی ان کی جمہوریت ہے جس میں بے گناہ لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، آج اسمبلی میں بیٹھے تمام لوگوں کی اصل شکلیں سامنے آچکی ہیں یہ سب عوام کے خلاف اکٹھا ہیں جو ٹولہ 30 سال سے باریاں لے رہا ہے ان کے مفادات کو جب کبھی کوئی نقصان پہنچتا ہے یہ سب اکٹھے ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی بھی اصل شکل سامنے آچکی ہے کہ وہ کتنے بڑے آمر ہیں کیونکہ جتنا ظلم آج کیا جارہا ہے اتنا پرویز مشرف کے دور میں بھی نہیں کیا گیا اب ہمیں پولیس، عدالتوں اور فوج سمیت کسی سے کوئی امید نہیں رکھنا اب ہم قوم کے ساتھ مل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔