حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے اپنی پوری توانائیاں صرف کر رہی ہے، خرم دستگیر

Khurram Dastgir

Khurram Dastgir

گوجرانوالہ : وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے اپنی پوری توانائیاں صرف کر رہی ہے، نوجوانوں کو مایوس کرنے کی کوششیں کرنے والوں کے دھرنے اور منفی عزائم ناکام ہو چکے۔

مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود ملکی ترقی کا مشن نواز شریف کے ہاتھوں سے ہی پورا ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ رشید کالونی میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کو مسائل کا انبار ورثے میں ملا ہے سابق نا اہل حکمرانوں نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے ہم وطنوں کی لاشیں تک فروخت کیں اور ملک کو دہشت گردی کی آگ میں جھو نک دیا جس کے نتائیج قوم نے معاشی تباہی کی صورت میں بھگتے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کرتے ہوئے اسے 2013ء کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا عوام کی تائید و حمایت سے میاں نواز شریف اور انکی ٹیم پہلے دن سے ہی لوڈشیڈنگ اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پوری دلجمعی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

چین سے بھاری سرمایہ کاری آنے کے بعدتوانائی کے بحران کے خاتمے میں بھرپور مدد ملے گی جس سے ملک میں نیا روزگار پیدا ہو گا مسلم لیگ ن کی حکومت نوجوانوں کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امیدروشنی اور ترقی کی جانب لے کر آئے گی اورمیاں نواز شریف اپنے ہاتھوں سے ملک کاچپہ چپہ نکھاریں گے۔

ایم پی اے اشرف علی انصاری نے کہا کہ دھونس دھمکی اور گالی کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا،عمران خان کچھ بھی کر لیں عوام کی سچی خدمت کئے بغیر انہیں کامیابی نہیں مل سکتی۔

عوام کی دعائیں اور تعاون شریف برادران کے ساتھ ہے آنے والے دنوں میں پاکستان ایک خوشحال ملک بن کر ابھرے گا، تقریب سے چوہدری علی حسین ڈوگر، فیض اللہ ڈوگر، افتخار ڈوگر، شیخ گل وحید، عامر مغل، حاجی رفیق، قیصر بھٹی، عابد کھوکھر، انیس احمد مپی، واجد باٹھ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔