سرکاری مکانات پر نا جائز قبضہ،عدالت کا 8 اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم

High Court

High Court

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایس ایس پی آپریشنز کو آٹھ پولیس اہلکاروں کے خلاف سرکاری مکانات پر ناجائز قبضہ کرنے کے خلاف مقدمہ درج کرنے اوراسٹیٹ آفس کے ملوث افسران کو بھی جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سرکاری رہائش گاہوں پر پولیس اہلکاروں کے قبضے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

اسٹیٹ آفس کی رپورٹ کے مطابق 55سرکاری گھروں سے پولیس کا ناجائز قبضہ وا گزار کرایا گیا اور آٹھ پولیس اہلکار دوبارہ سرکاری آفس پر قابض ہو گئے ہیں۔جسٹس شوکت عزیز نے ریمارکس دیتے ہو ئے کہا ہے کہ کیوں نہ انسپکٹر اسٹیٹ آفس اور آٹھ پولیس اہلکاروں کو فورا گرفتار کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالتی حکم پر قبضہ خالی کرایا گیا تھا۔

پولیس نے دوبارہ قبضہ کرنے کی کیسے جرات کی سرکاری مکانات کی الاٹمنٹ میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے۔اس سے بڑی بدقسمتی کیا ہو سکتی ہے کہ پولیس اہلکارقبضے کر رہے ہیں۔متعلقہ پولیس اہلکاروں کیخلاف توہین عدالت کا کیس بھی بنتا ہے۔

عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز کو ہدایت کی کہ آٹھ پولیس اہلکاروں کے خلاف سرکاری مکانات پر ناجائز قبضہ کرنے کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اوراسٹیٹ آفس کے ملوث افسران کو بھی جیل بھجوایا جائے اورکل تک مقدمہ درج کر کے رپورٹ دیں۔مقدمے کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔