حکومت کے جھوٹ اِن کے گلے کا پھندا بننے والے ہیں: حمزہ شہباز

Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ حکومت کے جھوٹ اِن کے گلے کا پھندا بننے والے ہیں۔

نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حکومت ہر میدان میں ہار چکی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر حمزہ شبہاز کا کہنا تھا کہ نے آج اپوزیشن کا چیئرمین منتخب ہو جائے گا، اچھے کی امید رکھنی چاہیے اور آج بھی بہتر ہی ہو گا۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، کہتے ہیں کہ روٹی سستی کرو، آج پٹرول مہنگا کر دیا تو روٹی سستی کیسے ہو گی؟

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے جھوٹ اِن کے گلے کا پھندا بننے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری اپوزیشن کو گرفتار کر لیں لیکن ان سے حکومت پھر بھی نہیں چلنے والی۔