حکومت نے فوڈسیفٹی اینڈ نیوٹریشن کیلئے ملٹی سیکٹورل حکمت عملی پر کام کا آغاز کر دیا

Lahore

Lahore

لاہور: سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر اعجاز منیر نے کہا ہے کہ حکومت نے فوڈ سیفٹی اینڈ نیوٹریشن کے لئے ملٹی سیکٹورل حکمت عملی پر کام کا آغاز کر دیا ہےـ ماضی میں یہ شعبہ نظر انداز رہا ہےـ انہوں نے کہا کہ ماں بچہ کی صحت کے مسائل حل کرنے اور ان کی شرح اموات پر قابو پانے کے لئے مقر ر کردہ MDGs کے حصول کی طرف پراگریس شروع ہو چکی ہے۔

انہوں نے یہ بات آج فلیٹیز ہوٹل میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) کے زیر اہتمام فوڈ سیفٹی اینڈ نیوٹریشن کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ـ سیمینار میں PMA لاہو رکے صدر ڈاکٹر تنویر انو ر، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اظہار چوہدری ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف وٹرنری سائنس ڈاکٹر طلعت پاشا ، پروفیسر یعقوب قاضی کے علاوہ طب کے شعبہ سے وابسطہ مرد و خواتین ڈاکٹرز ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے شرکت کیـ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے PMA لاہور کے صدر ڈاکٹر تنویر انور نے بتایا کہ رواں سال نومبر میں شہر لاہور میں PMA کی تین روزہ سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہو گی جس میں دنیا بھر سے پاکستانی ڈاکٹرشرکت کریں گے اور سینئر اساتذہ سے نئے ڈاکٹرز کو سیکھنے کا موقع میسر آئے گا ـسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہر امراض اطفال پروفیسر ڈاکٹر یعقوب قاضی نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت ملک کی آبادی صرف 3 کروڑ تھی جبکہ آج پاکستان دنیا کا آبادی کے لحافظ سے چھٹا بڑا ملک بن چکا ہے اور آبادی کا بڑا حصہ نوجوان نسل پر مشتمل ہے ـ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کی اکثریت غذائی قلت ، آئیو ڈین اور آئرن کی کمی کا شکار ہیں اس کی بڑی وجہ متوازن غذا کا نہ ملنا اور آبادی میں تیزی سے آضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک نے کامیابی کے ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلہ پر قابو پایا ہے ـ انہوں نے کہا کہ بچوں کی خوراک میں دودھ کا شامل کرنا ضروری ہے لیکن غربت کی وجہ سے آبادی کی اکثریت ایسا کرنے سے قاصر ہے ـ پروفیسر یعقوب قاضی نے کہا کہ حکومت کو مائیکرو نیو ٹریشن مینجمنٹ پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے ـ سیمینار سے دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا اور اس سلسلہ میں اپنی تجاویز پیش کیں ـسیکرٹری صحت نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے نئے مالی سال میں پرائمری ہیلتھ اور بیماریوں کی روک تھام کے لئے زیادہ وسائل مختص کئے ہیں او رمالی وسائل کا رخ Prevention کی طرف موڑ دیا ہے انہوں نے کہا کہ MDGs کے ٹارگٹ کو جلد حاصل کرنے کیلئے فوڈ سیفٹی بنیادی حیثیت رکھتی ہے ـ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی نئی منصوبہ بندی اور اقدامات کے نتیجہ میں آنے والے دنوں میں صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔