حکومت کا آئندہ ماہ کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

Petroleum Products

Petroleum Products

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ نے وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر آئندہ ماہ کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے حالیہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے رمضان المبارک کے موقع پر عوام کو ریلیف دینے کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ جس پر وزارت خزانہ نے آئندہ ماہ کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے۔ اس سلسلے میں نوٹی فکیشن آج شام جاری کردیا جائے گا۔

پیٹرولیم قیمتوں میں تبدیلی نہ کرنے کے فیصلے سے جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کو 51 کروڑ روپے کی سبسڈی ملے گی۔ اس طرح آئندہ ماہ بھی عوام کو پیٹرول 107.97 روپے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل 109.34 روپے، لائیٹ ڈیزل 94.14 روپے اور مٹی کا تیل 97.04 روپے فی لیٹر میں ہی دستیاب ہو گا۔

واضح رہے کہ حکومت نے بجٹ کے پیش نظر یکم جون کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا تھا۔