حکومت مخالف مظاہرے، فوج خاموش نہیں رہے گی : آرمی چیف

Egypt Army Chief

Egypt Army Chief

قاہرہ (جیوڈیسک) مصری فوج نے تنبیہ کی ہے کہ وہ ملک میں جاری مظاہروں کی وجہ سے مصر کو ایک بے قابو تنازع کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ فوج کے سربراہ جنرل عبد الفتح الثیثی کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب حزبِ مخالف آئندہ ہفتے صدر مرسی کے خلاف بڑے مظاہروں کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج مصر کو ایک تاریک سرنگ میں گرنے سے روکے گی۔ گذشتہ سال صدر مرسی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک فوج کا یہ سخت ترین ردِ عمل ہے۔ اتوار کے روز جاری بیان میں جنرل عبد الفتح الثیثی، جو کہ ملک کے وزیرِ دفاع بھی ہیں، کا کہنا تھا کہ اس موقعے پر فوج خاموش نہیں رہے گی۔

مصری معاشرے میں ایک واضح تقسیم موجود ہے اور اس کا تسلسل مصری ریاست کے لیے خطرہ ہے۔ ان کا اصرار تھا کہ ملک میں اتفاقِ رائے کا ہونا ضروری ہے۔ حزبِ اختلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے تیس جون کو صدر مرسی کے اقتدار سنبھالنے کا پہلا سال مکمل ہونے کے موقع پر کر رہی ہے۔

حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ انھوں نے صدر مرسی کی برطرفی کی حمایت میں ایک پٹیشن پر ایک کروڑ تیس لاکھ افراد کے دستخط حاصل کر لیے ہیں۔ جمعے کے روز صدر مرسی کے ہزاروں حامیوں نے بھی ملک بھر میں سڑکوں پر مظاہرے کیے اور مظاہرین نے صدر کی حمایت میں نعرے بازی کی۔

یاد رہے کہ مصر کے صوبے اقصیر کے گورنر عادل خایات نے اسلامی گروہ سے مبینہ روابط کا تنازع سامنے آنے کے بعد اپنا عہدے سے چھوڑ دیا ہے۔ صوبے اقصیر کے گورنر عادل خایات اسلامی تنظیم جماعتِ اسلامیہ کے سیاسی شعبے کے رکن ہیں۔ اسی جماعت نے سنہ 1997 میں حملہ کر کے 58 سیاحوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

عادل خایات نے جماعتِ اسلامیہ کی سیاحوں پر حملے تردید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ صدر مرسی کی حکومت کا پہلا سال مسلسل سیاسی بحران اور کمزور معیشت کا شکار رہا ہے۔ کئی مبصرین کا کہنا ہے کہ عدم استحکام اور تشدد کے خطرے کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار اور سیاح مصر آنے سے کتراتے ہیں۔