حکومت نے پٹرولیم مصنعوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اور ڈرون حملہ کیا ہے

چکوال: پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان،سینئیر نائب صدر حامد معراج، شعیب صدیقی،نائب صدور جمشید اقبال چیمہ،یاسر گیلانی،ڈاکٹر زرقا تیمور، عائشہ خالد،فرخ جاوید مون اور شیخ عامر نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنعوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اور ڈرون حملہ کیا ہے ،پٹرول مصنعوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا سیلا ب امڈ آئے گا، وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے اور اوپر سے حکومت نے غریب عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈال کر رہی سہی کسر پوری کر دی ،جمہوری حکومت اور بھاری مینڈیٹ کے دعوے داروں نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے ،آئے دن خودکشیاں حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

لیکن بے حس حکمرانوں نے اپنے پہلے 100 دنوں میں ہی عوام کو مایوسی کے سائے تلے دھکیل دیا ہے ،اس مہنگائی کا اثر آنے والے بلدیاتی الیکشن میں ضرور ہوگا کیونکہ عوام اب سمجھ چکی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکتی اور جو امیدیں عوام نے مسلم لیگ (ن) سے لگائی تھی وہ کبھی پوری نہیں ہو سکتی کیونکہ انہیں عوام کی نہیں صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے وہ رہنما پاکستان تحریک انصاف چکوال راجہ یاسر سرفراز سے ٹیلیفون پر گفتگو کر رہے تھے۔