حکمران عوام پر مہنگائی کے ڈرون برسا رہے ہیں، آل پاکستان مسلم لیگ

کراچی : پاکستان کے بد نصیب عوام آزاد ریاست کے شہری ہونے کے باوجود آج بھی غلامی کی زندگی گزاررہے ہیں کیونکہ انہیں ووٹ دینے کا حق تو حاصل ہے مگر قیادت کے انتخاب میں ان کے ووٹ کی کوئی حیثیت نہیں جبکہ خفیہ اور بیرونی قوتوں کی ساز باز سے اقتدار پانے والے جمہوریت کے نام لیوا عوام کا بدترین استحصال اور برا حال کررہے ہیں ۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے دوفیصداضافی جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ کیخلاف مذمتی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکمران عوام کے زندگی اجیرن بنانے پر تُلے ہیں ایک جانب بجلی کا شارٹ فال دور کرنے کے جھوٹے وعدوں اور دعووں سے قلعی اُتر چکی ہے تو دسری جانب پٹرول اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے تسلسل نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔

رہی سہی کسر اب جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے نے پوری کرتے ہوئے عوام پرمہنگائی کا ڈرون گراکر ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ طاہر حسین سید نے کہا کہ عوام پرویز مشرف کے اس سنہرے دور کی واپسی کی دعا کررہے ہیں جس میں معیشت کو استحکام اور عوام کو ہر طرح کا تحفظ حاصل تھا اور غریب سے غریب انسان بھی سکون و اطمینان کی زندگی جی رہا تھا مگر عوام کے دشمنوں نے جمہوریت کے نام پر مشرف کو رخصت کرکے عوام سے ان کی خوشیاں اور اطمینان چھین لیا۔

اب بھی مشرف کیخلاف سازشوں اور انتقام کے ذریعے عوام کو محفوظ و خوشحال مستقبل کی امید سے بھی محروم کرنے کی سازش کررہے ہیں مگر پاکستان کے عوام اپنی نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کیلئے ایسا نہیں ہونے دیں گے۔