حکومت عوام کو زندہ درگور کرنے کے بجائے اپنے وعدوں پر عملدر آمد کرے

کراچی : حکومت عوام کوزندہ درگور کرنے کے بجائے اپنے وعدوں پر عملدر آمد کرے۔ عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث پریشان حال ہیں اور حکمران اللے تللوں میں مصروف ہیں، وقت سیاسی دشمنیاں نکالنے کا نہیں قوم کو مشکلات سے نکالنے کے لئے بہترین معاشی پالیسیاں بنانے اور آئی ایم ایف جیسے ظالم اداروں سے چھٹکارے کا ہے۔ یہ باتیں پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزا نے پارٹی کے دفتر مرزا ہائوس میں عہدے داران اور علاقائی ذمہ داران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف میدان عمل میں نکل کر عوامی شعور اجاگر کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کے حقوق کی جدوجہد ہرحال میں جاری رکھے گی، حکمرانوں نے عوام سے ووٹ اس بنیاد پر حاصل کئے تھے انہیں درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلائیں گے لیکن معاملہ برعکس نکلا موجودہ حکمران عوام کو کڑوی گولیاں نگلنے کا مشورہ دے رہے ہیں حالانکہ حکمراں طبقہ اگر خود یہ کروی گولیاں نگلنا شروع کردیں۔

عوام کے بہت سے مسائل خودبخود ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے پیغام کو عام کریں اورعوام میں حکومتی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف شعور اجاگر کرکے ملک اور قوم کے بہتر مستقبل کی جدوجہد کریں۔ اجلاس میں مرکزی رہنماارشد مرزا، علی بہادرخان، عبدالحمید مغل، ڈاکٹر ایس ایم حسین، عبدالمجید قریشی، عبدالحکیم، سلیم نیازی، اقبال شکرانی، ارتضیٰ بیگ ودیگر شریک تھے۔