حکومت روپے کی قدر میں بہتری کیلئے اقدامات کرے، ظفر بختاوری

Government money

Government money

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ روپے کی قدر میں استحکام لانے کے لئے فوری اصلاحی اقدمات کرے تاکہ اس بنا پر معیشت کو پہنچے والے نقصان سے بچایا جا سکے، تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی سے معیشت کے تمام اہم شعبے بشمول زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمرشل امپورٹرز بہت مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر 2001 میں ڈالر روپے کی مقابلے میں 59.09 روپے تھا جبکہ دسمبر 2012 میں ایک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہو کر 98 روپے ہو گئی تھی، اور اب اس میں مزید کمی بہت تشویشناک ہے، ظفر بختاوری نے کہا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی سے کاروباری لاگت بڑھ رہی ہے۔

اور خاص طور پر صنعتی خام مال اور مشینری باہر سے درآمد کرنے والوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے حکومت کو تیل اور دوسری مصنوعات بھی باہر سے خریدنی پڑتی ہیں، جس کی وجہ سے خزانے پراضافی بوجھ پڑتا ہے اورمعیشت کیلئے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت روپے کی قدر میں استحکام لانے کے لئے فوری اصلاحی اقدمات کرے۔