حکومت سیکورٹی پالیسی بناتے وقت بیوروکریسی پر انحصار نہ کرے: رضا ربانی

Raza Rabbani

Raza Rabbani

کراچی (جیوڈیسک) کراچی پیپلزپارٹی کے رہنما سنیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت نیشنل سیکورٹی پالیسی بناتے وقت سول اور ملٹری بیوروکریسی پر انحصار نہ کرے اور سابقہ دور حکومت میں پارلیمانی کمیٹوں کی جانب سے دی گئی سفارشات کو زیر غور لائے۔

پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کہا کہ حکومت نیشنل سیکورٹی پالیسی بناتے وقت سول اور ملٹری بیوروکریسی پر انحصار نہ کرے اور سابقہ دور حکومت میں پارلیمانی کمیٹوں کی جانب سے دی گئی سفارشات کو زیر غور لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جان کیری کا دورہ حوصلہ افزا نہیں تھا، ڈو مور کی پالسی کو شوگر کوٹیٹڈ کر کے دوبارہ مسلط کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو عدالتی کارروائی کے بغیر رہا نہ کیا جائے۔ عدالتوں میں دہشت گردی میں ملوث ملزمان کے خلاف مضبوط شواہد پیش کئے جائیں تاکہ ملزمان کو سزا مل سکے۔ ملزمان کی رہائی کی ذمہ داری عدلیہ پر نہیں آتی ہمارے ادارے کمزور کیس پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کابینہ کی ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلی کو بھی بلایا جائے اور ان کے نکتہ نظر کو بھی سنا جائے۔