پی آئی سی واقعہ؛ حکومتی حکمت عملی سے زیادہ نقصان سے بچ گئے، وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی حکمت عملی سے پی آئی سی واقعہ میں زیادہ نقصان سے بچ گئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو فون کیا اور کل کے پی آئی سی واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیراعظم نے فیاض چوہان کی جانب سے معاملہ سلجھانے کے لئے موقع پر پہنچنے کی تعریف کی اور خیریت دریافت کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کو وکلا تشدد کے باعث کوئی چوٹ تو نہیں آئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی کو اسپتالوں میں بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور معاشرے کے ہرشعبے کا ہم نےتحفظ کرنا ہے، کل کا واقعہ شرمناک ہے اور حکومت پنجاب کی حکمت عملی سے زیادہ نقصان سے بچ گئے، پنجاب حکومت ٹھوس اقدامات کرکے آئندہ سے ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور انہیں واقعے کی رپورٹ پیش کریں گے۔ وزیر قانون پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی وزیراعلی کے ہمراہ ہونگے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں وکلا نے ڈاکٹرز کے ساتھ تنازع پر پی آئی سی پر دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس کے نتیجے میں طبی امداد نہ ملنے پر 3 مریض جاں بحق ہوگئے تھے۔ وکلا نے موقع پر پہنچنے والے فیاض الحسن چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔