حکومتی، طالبان کمیٹی میں مذاکرات منسوخ ، عرفان صدیقی کی وزیر اعظم سے ہنگامی ملاقات

Irfan Siddiqui, Nawaz Sharif

Irfan Siddiqui, Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) تیئس ایف سی اہلکاروں کے قتل کے بعد آج طالبان رابطہ کاروں اور حکومتی کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات منسوخ کر دئیے گئے۔ حکومتی کمیٹی کے ارکان عرفان صدیقی اور میجر(ر) عامر نے وزیر اعظم سے ہنگامی ملاقات کی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی زندگی بہت اہم ہے۔

مغوی ایف سی اہل کاروں کی شہادت کے بعد امن مذاکرات خطرناک موڑ میں داخل ہو گئے۔ حکومتی اور طالبان کمیٹی کے درمیان آج مذاکرات منسوخ کر دئیے گئے جس کے بعد حکومتی کمیٹی کے ارکان عرفان صدیقی اور میجر(ر) عامر نے وزیر اعظم سے ہنگامی ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت واقعہ کو بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی زندگی بہت اہم ہے اور دہشت گردی کے واقعات سے امن عمل متاثر ہو سکتا ہے۔حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے واقعے کو افسوسناک قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف سی اہلکاروں کی شہادت کے بعد ہونے والا اجلاس بے مقصد ہو گا، ایسے واقعات بات چیت پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔ حکومتی کمیٹی کے رکن رحیم اللہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے قتل کے بعد حالات تبدیل ہو گئے ہیں۔

فائر بندی کا معاملہ اب حکومتی کمیٹی کے ایجنڈے میں نہیں رہا۔ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی کل اجلاس کے بعد دوبارہ وزیر اعظم سے ملاقات کرے گی۔