حکومت کو مزید وقت دینا ملکی سالمیت سے کھیلنے کے مترادف ہے: بلاول

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان میں اہلیت نہیں کہ وہ 20 کروڑ لوگوں کا ملک چلا سکیں۔

کراچی میں جلسہ عام سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا سفر بھٹو کی سوچ اور فلسفے سے شروع ہوا، 50 سال کے سفر میں پیپلزپارٹی نے بہت سے اتارچڑھاؤ دیکھے ہیں، ہم اپنے شہداء کو بھولے نہیں اور نہ ہی انہیں بھول سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی جان دے دی مگر کسی آمر کے سامنے سر نہیں جھکایا، کیا یہ وہ پاکستان ہے جس کیلئے ہمارے پیاروں نے قربانیاں دیں؟ کیا یہ وہ پاکستان ہے جس کا خواب جناح نے دیکھا؟ یہ وہ پاکستان نہیں جس کا خواب جناح نے دیکھا تھا۔

وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر کام رک گیا ہے، اس حکومت کو مزید وقت دینا ملک کی سالمیت سے کھیلنے کے مترادف ہے، وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیجنے کیلئے فیصلہ کن سیاست کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا کوئی بتائے گا کہ پاکستان دنیا میں تنہا کیوں ہے؟ کس نے ملک کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سامنے گروی رکھ دیا ہے، ہم خان کی دھاندلی زدہ حکومت کو بے نقاب کریں گے، عمران خان میں اہلیت نہیں کہ وہ 20 کروڑ کا ملک چلاسکیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ لوگ نیا پاکستان چھوڑکربھاگ رہے ہیں، کیا عمران خان نے کبھی کوئی سچا وعدہ کیا ہے؟ کیا عمران خان نے کراچی سے کیے گئے وعدے پورے کیے؟ عمران خان نےکراچی کے عوام کیلئے گھروں کا اعلان کیا لیکن کیا لوگوں کوگھر دیے؟ عمران خان نے کراچی کودھوکا دیا اور لاورث چھوڑ دیا ہے، عمران خان کا ہروعدہ جھوٹا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ خود کام کرتے ہیں نہ کسی کوکرنے دیتے ہیں، عمران خان سندھ کو اپنا حصہ نہیں دے رہے، میں کراچی میں پیدا ہوا اور کراچی کا بیٹا ہوں، وفاق سے کراچی کا حصہ چھین کرلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل ہم خود حل کریں گے، آج پاکستان مسائلستان بن چکا ہے اور پاکستان ناکام ریاست کی جانب بڑھ رہا ہے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت جانے کے بعد پی ٹی آئی ریت کے گھر کی طرح بکھر جائے گی، عمران خان قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی، آپ کو گھر جانا پڑے گا، نومبر میں پنجاب میں انٹری دیں گے اور میں پورے ملک کے دوروں میں عمران خان کوبے نقاب کروں گا۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی حکومت کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کی حمایت کررکھی ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے خلاف علیحدہ تحریک کا اعلان کر رکھا ہے۔