حکومت چپل گلی کے متاثرین کو فی الفور امداد فراہم کرے : حافظ نعیم الرحمن

کراچی: جماعت اسلامی کے ایک وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں گزشتہ روز چپل گلی لائٹ ہائوس میں لگنے والی آگ سے جلنے والی دکانوں کا دورہ کیا متاثرہ دکانداروں سے ملاقات کی اور متاثرین کو جماعت اسلامی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اس موقع پرجماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، سندھ اسمبلی کے سابق رکن جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی، اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، عثمان شریف، اقبال یوسف، بوہری بازار ایسوسی ایشن کے صدر سلیم ملک اور دیگر بھی موجود تھے ، متاثرہ افراد نے آتش زدگی کے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی جس میں KESCکی غفلت اور لاپرواہی بھی شامل ہے۔

ابھی تک حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا، آگ لگنے کی وجہ سے پانچ دن سے رہائشی افراد بے سروسامانی کی حالت میں کھلے آسمان تلے سڑکوں پر بیٹھے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کام کررہے ہیں اس موقع پر متاثرہ افراد سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر دور میں شہر کراچی کے عوام کے ساتھ ہر دکھ سکھ میں ساتھ کھڑی رہی ہے مصیبت اور پریشانی کی اس گھڑی میں وہ آج بھی عوام کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ دن گزرنے کے باوجود حکومتی اداروں کی طرف سے کوئی امدادی کاروائی نہ کرنا اور اعلیٰ حکام کا جائے وقوعہ کا دور ہ نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے اور افسوس اس بات کا ہے کہ جو لوگ اسمبلی اور سینیٹ میں بیٹھے ہیں وہ بھی خاموش ہیں اور قومی املاک کی نجکاری پر لگے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ جب سے کے ای ایس سی کی نجکاری کی گئی ہے اس ادارے کی کارکردگی صفر ہو گئی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور چپل گلی کے متاثرین کو امداد فراہم کرے اور انہیں معاوضہ ادا کیا جائے، قبل ازیں اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کمشنر کراچی شعیب صدیقی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اوران کو واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر کمشنر کراچی نے متاثرہ افراد کی امداد کی یقین دہانی کروائی۔