گورنر ہاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کی ویب سائٹ کا افتتاح

Governor Sindh

Governor Sindh

سندھ (جیوڈیسک) گورنر ہاس میں پاکستان کی پہلی لا یونیورسٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کی ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ آج میں بے حد خوش ہوں کہ سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے پہلی لا یونیورسٹی کی ویب سائٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا اس سے طلبا کو آسانی ہوگی اور بہت جلد اس یونیورسٹی سے طالب علم قانون کی اعلی تعلیم کی ڈگری حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کے ساتھ ساتھ ادارے کا نام بھی روشن کریں گے۔

انہوں نے حکومت سندھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے قانون کی پہلی یونیورسٹی قائم کرکے دیگر صوبوں کے مقابلے میں اعلی مقام حاصل کیا۔ واضح رہے کہ 18 اپریل 2013 کو گورنر سندھ کے زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کے مین کیمپس کے لئے 250 ایکڑ اراضی ایجوکیشن سٹی میں الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

جب کہ کورنگی میں 50 ایکڑ اراضی سٹی کیمپس کے لئے مختص کی جائے گی۔ دریں اثنا یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کے تمام لا کالجز اس یونیورسٹی سے منسلک ہوں گے جبکہ پرائیویٹ سیکٹر کے لا کالجز یونیورسٹی سے ملحقہ ہوں گے۔