گجرات کی خبریں 19.06.2013

سٹیٹ لائف الیکو گجرات برانچ کی جانب سے وقاص نسیم ملک کو تیس لاکھ روپے کے کلیم کی ادائیگی
گجرات (جی پی آئی) سٹیٹ لائف الیکو امریکن لائف انشورنس کمپنی آف پاکستان کی جانب سے اپنے کلائنٹ وقاص نسیم ملک کو پالیسی کے پہلے سال ہی میں حادثاتی طور پر آنکھ اور بازو کی معذوری ہونے پر مبلغ تیس لاکھ روپے کے کلیم چیک کی ادائیگی ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں کی گئی، مذکورہ کلیم چیک برانچ منیجر محمد اشرف منہاس کے ہمراہ مہمان خصوصی چوہدری علی ابرار جوڑا صدر سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات نے پالیسی ہولڈر وقاص نسیم ملک کو پیش کیا، تقریب میں سٹیٹ لائف الیکو کے آفسران اور کارکنان سید آصف حسین شاہ، محمد اعجاز بھٹی، ظفر اقبال، محمد صفدر اور چوہدری محمد عمران نے شرکت کی، جبکہ سٹیزن فرنٹ کے ممبران چوہدری ندیم طفیل، خاور بشیر بٹ، شیخ عرفان پرویز، حاجی محمد مشتاق، احمد فراز ملک، چوہدری حسین وقار جوڑا، محمد یاسین ناصر، عامر چوہدری و دیگر نے بھی شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چوہدری علی ابرار جوڑانے امریکن لائف کی عوام دوست پالیسیوں، خدمات اور بروقت کلیم کی ادائیگی کرنے کے عمل کو سراہا اور علاقے کے لوگوں کے شاندار مستقبل کیلئے گجرات برانچ کے عملہ کی کاوشوں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ، بعد ازاں محمد اشرف منہاس نے اپنی کمپنی کی خدمات شہر بھر کے کونے کونے میں پہنچانے اور نوجوان لوگوں کو بہترین روزگار دینے کے عزم کا اظہار کیا، اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ آپ نے ہماری حوصلہ افزائی کیلئے اپنا قیمتی وقت دیا ہے، گجرات کے معروف تاجر وقاص نسیم ملک نے کلیم چیک ملنے پر کمپنی اور برانچ منیجر کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملکی ترقی اور استحکام کیلئے غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے: سائرہ امتیاز سید
گجرات (جی پی آئی)سابق ممبرضلعی اسمبلی گجرات سائرہ امتیاز سید نے مردان خودکش دھماکے میں رکن صوبائی اسمبلی عمران مہمند سمیت30افراد کی ہلاکت پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن بیرونی عناصر کی کاروائی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت کی غلامانہ پالیسیوں نے ملک کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔پاکستان کے حالات دن بدن خراب تر ہوتے چلے جارہے ہیں۔نام نہاد دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تقریباً 100 ارب ڈالر اور 50 ہزار قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے کے بعد بھی پاکستان کے کردار کو شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی حکومت امریکی جنگ کو خیرباد کہہ کر توجہ اور وسائل ملک کی ترقی پر مرکوز کرے۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز مشکلات کی دلدل سے اس وقت تک نہیں نکل سکتا جب تک حکمران سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتے۔ڈرون ملکی سلامتی کے خلاف سازش ہیں انہیں بند ہونا چاہئے۔منت سماجت سے کام نہیں چلے گا۔اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جائے۔ ڈاکٹر سید وسیم اخترنے مزید کہا کہ امریکہ بھارت اور اسرائیل نہیں چاہتے کہ پاکستان اسلامی ایٹمی ریاست کے طور پر زندہ رہے۔یہی وجہ ہے کہ سی آئی اے، راء اور موساد پاکستان کے اندرونی حالات کو خراب کررہے ہیں۔ ایک طرف امریکہ خود تو قطر میں طالبان سے مذاکرات کرر رہا ہے اور دوسری جانب ہمیں مذاکرات سے منع کرتا ہے۔جب بھی کوئی مذاکراتی عمل میں پیش رفت ہوتی ہے تو ڈرون حملہ کرکے تمام معاملے کو سبوتاژ کردیا جاتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈرون حملوں اور امریکی جارحیت کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔ملکی ترقی ،خوشحالی اور استحکام کے لئے غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اکائونٹس آفس گجرات میں سرعام رشوت کا بازار گرم
گجرات (جی پی آئی) اکائونٹس آفس گجرات میں سرعام رشوت کا بازار گرم ، سرکاری اداروں کے ملازمین اور افسران اپنے کھاتہ جات مکمل کروانے اور لین دین کا حساب کتاب مکمل کروانے کیلئے رشوت دیتے ہوئے نظر آتے ہیں، جبکہ اکائونٹس آفس کے ملازمین اور افسران کام کا بوجھ بتا کر لین دین نہ کرنے والوں کو ذلیل و خوار کرتے ہیں، جبکہ کئی سرکاری محکموں کے بل بھی غائب ہو چکے ہیں، اکائونٹس آفس میں کچھ لو اور کچھ دو کی پالیسی ایک عرصہ سے نافذ العمل ہے ، کوئی بھی سرکاری محکمہ اس محکمہ سے کرپشن کا خاتمہ نہیں کر سکا، بلکہ سب محکمے ان کے آگے بے بس نظر آتے ہیں اور اپنی تنخواہوں، الائونس اور دیگر اخراجات وصول کرنے کیلئے 20سے 30فیصد تک کل اخراجات کا ادا کرتے ہیں، سرکاری ملازمین اور افسران کو بھی ذلیل و خوار کیا جاتا ہے ، اکائونٹس آفس کے ملازمین اور افسران ملی بھگت سے لوٹ مار میں مصروف ہیں، مالی سال 12-13کے اخراجات مکمل کرنے کیلئے دن رات کرپشن کا بازار گرم ہے، اینٹی کرپشن، ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سب کچھ جاننے کے باوجود ان کے آگے بے بس اور لاچار نظر آ رہے ہیں، اکائونٹس آفس میں آنے والے سرکاری ملازمین کا کہنا ہے کہ اس آفس میں اپنا ہی قانون ہے، لہٰذا حکومت اور اس کے ادارے یہاں سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے عملی کردار ادا کریں ، جب تک اکائونٹس آفس میں سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہو گا، اس وقت تک دیگر سرکاری محکمہ جات سے کرپشن ختم نہیں کی جاسکتی، تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہو گا، ورنہ کرپشن کے خاتمہ میں آج تک تمام جمہوری حکومتیں ناکام رہی ہیں اور اسی طرح سلسلہ چلتا رہے گا، اور کرپشن کا بازار گرم رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹی ایم اے گجرات کی ملی بھگت سے فوارہ چوک اور اس کے ارد گرد کی مارکیٹوں میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے
گجرات (جی پی آئی) ٹی ایم اے گجرات کی ملی بھگت سے فوارہ چوک اور اس کے ارد
گرد کی مارکیٹوں میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے ، ٹی ایم اے ملازمین نے مارکیٹوں کے تاجروں سے بھاری رقمیں وصول کر کے گلیوں اور سڑکوں پر ناجائز تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، گٹر، سڑھیاں اور دیگر تعمیراتی کام جو کہ نقشہ میں منظور بھی نہیں ہوتا، سب اپنی مرضی سے کر رہے ہیں، رحمن سنٹر فوارہ چوک گجرات عقب وارد فرنچائز میں بھی ناجائز تجاوزات سر عام قائم کر دی گئیں ہیں، بااثر افراد نے ٹی ایم اے کی ملی بھگت سے گجرات شہر میں جگہ جگہ ناجائز تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، جہاں پر سے ٹی ایم اے ملازمین اور ٹریفک پولیس ملازمین ماہانہ بھتہ وصول کرتے ہیں، گجرات شہر میں ایک عرصہ دراز سے ناجائز تجاوزات کا سلسلہ جاری و ساری ہے ، اور ٹی ایم اے ہر ماہ لاکھوں روپے بھتہ وصول کرتی ہے، جبکہ کسی غریب کو ناجائز تجاوزات قائم کرنے پر سخت سزا دی جاتی ہے اور جرمانے کیے جاتے ہیں، جبکہ بااثر افراد نے اپنی ہی دنیا قائم کر رکھی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق آئندہ موسم برسات کے دوران سیلاب سے بچائو کیلئے تمام محکمے پوری طرح الرٹ رہیں
گجرات(جی پی آئی) پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق آئندہ موسم برسات کے دوران سیلاب سے بچائو کیلئے تمام محکمے پوری طرح الرٹ رہیں ان خیالات کا اظہار ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی نے ساروکی نہر پر ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کی سیلاب سے بچائو کیلئے مشقوں کے معائنہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ساروکی نہر پر منعقدہ مشقوں میں ریسکیو1122 کے 50 سے زائد جوانوں نے حصہ لیا اس کے علاوہ محکمہ صحت’ محکمہ انہار ‘سول ڈیفنس ‘ٹی ایم اے اور ہائی وے کے افسران نوجوانوں نے مشقوں میں حصہ لیا ۔ڈی سی او گجرات آصف بلال لودھی نے مشقوں کا معائنہ کرنے کیلئے ساروکی نہر پر پہنچے تو ڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈینیشن شجاع قطب بھٹی’ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری عزیز احمداو ر دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری عزیز احمد نے بتایا کہ مشقوں کا مقصد آنیوالے موسم میں کسی بھی قسم کی فلڈ ایمرجنسی کو بہتر طریقے سے نمٹنے کیلئے بھر پور تیاری کرنا ہے اور انہوں نے بتایا کہ اس دوران پوائنٹ آئوٹ ہونیوالی خامیوں پر قابو پایا جائیگا۔ ان مشقوں میں ریسکیو 1122کے علاوہ محکمہ ہیلتھ، سول ڈیفنس، محکمہ نہر ، ٹی ایم اے، ہائی وے، وغیرہ نے شرکت کی ۔اس ایکسر سائز کا مقصد لوگوں میں اور دوسرے ڈیپارٹمنٹس کو آگاہ کرنا تھا کہ فلڈ کی صورت میں ڈیپارٹمنٹس کی زمہ داری کیا ہے ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او آصف بلال لودھی نے کہا کہ مشقوں کے معیار اور ریسکیو 1122 کے جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ آئندہ موسم برسات کے دوران متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے بھر پور طریقے سے تیاری کی جائے تاکہ کسی ناگہانی صورت میں عوام الناس کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ صدر پولیس نے سرائے عالمگیر کے رہائشی دکاندار پر تشدد کے بعد منشیات کا مقدمہ بنا ڈالا
گجرات (جی پی آئی ) لالہ موسیٰ صدر پولیس نے سرائے عالمگیر کے رہائشی دکاندار پر تشدد کے بعد منشیات کا مقدمہ بنا ڈالا تفصیلات کے مطابق محلہ چھپر سرائے عالمگیر کا رہائشی نوجوان عدیل اکرم ولد محمد اکرم جو کہ لالہ موسیٰ ریلوے روڈ پر فروٹ چاٹ بیچتا ہے کا تھانہ صدر لالہ موسیٰ کے محرر عقیل احمد سے پیسوں کا لین دین تھا عدیل اکرم نے جب پولیس اہلکار عقیل احمد سے اپنے پیسوں کا مطالبہ کیا تو عقیل نے دیگر پولیس ملازمین کے ہمراہ اسے دکان سے اٹھا کر تھانہ میں لے جا کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی ہڈی پسلی ایک کر دی دوران تشدد پولیس ملازمین عدیل اکرم کی ٹانگوں اور پیٹھ پر رولہ چلاتے رہے جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی جسے فوری طبی امداد کیلئے عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں لایا گیا جبکہ پولیس محرر عقیل احمد اور سب انسپکٹر عارف کے مطابق عدیل اکرم کے قبضہ سے ٹھیکریاں کے قریب ایک کلو چرس برآمد ہوئی ہے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے دوسری طرف پولیس تشدد سے شدید زخمی ہونے والے عدیل اکرم نے میڈیا کو بتایا کہ محرر عقیل احمد نے مجھ سے 3ہزار روپے ادھار لے رکھے تھے میرے واپسی کے مطالبہ پر پیسے دینے سے انکار کر دیا الٹا مجھے تشدد کا نشانہ بنایا اور مجھ پر منشیات فروشی کا جھوٹا مقدمہ بنا ڈالا وزیراعلیٰ پنجاب ڈی پی او گجرات ذاتی دلچسپی لے کر پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کر کے مجھے انصاف فراہم کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی سٹی گجرات کے سابق نائب صدر حاجی مرزا شفقت علی نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا پیپلز پارٹی اور چوہدری احمد مختار کے سنگ ہے
گجرات (جی پی آئی ) پیپلز پارٹی سٹی گجرات کے سابق نائب صدر حاجی مرزا شفقت علی نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا پیپلز پارٹی اور چوہدری احمد مختار کے سنگ ہے ہم چوری کھانے والے کارکن نہیں جو کہ اپنے مفادات کی خاطر پارٹی تبدیل کر لیں انشاء اللہ تعالیٰ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمارا رشتہ قائم و دائم رہے گا انہوں نے کہا کہ چوہدری احمد مختار ہمارے قائد ہیں بلدیاتی الیکشن کے حوالہ سے جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہو گا مرزا شفقت علی نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کرے گی انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات پولیس نے ناجائز اسلحہ اورمنشیا ت فروشوں کے خلاف کارروائی کی
گجرات (جی پی آئی)گجرات پولیس نے ناجائز اسلحہ اورمنشیا ت فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہو ئے 7عدد پسٹل 30 بور ، 3 عدد رائفل 12 بور ،1عدد رائفل 244بور اور 1 کلو گرام چرس برآمد کر کے 11 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔تھانہ ڈنگہ پولیس نے نہر پل پر ڈکیتی کی نیت سے بیٹھے ہو ئے 6کس ملزمان کو ڈرامائی اندازمیں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا اور ملزمان سے اسلحہ ناجائز برآمد کر کے مقدمہ در ج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ۔(١) ملزم ماجد حسین ولد مظفر حسین قوم راجپوت سکنہ پھلروان سے پسٹل 30بور (٢) ملزم محمد رضوان ولد غلام مصطفی سکنہ پھلروان سے پسٹل 30 بور (٣) ملزم سید اعظم ولد محمد اعظم سکنہ پھلروان سے پسٹل30بور (٤)محمد افضال ولد اللہ بخش قوم کھوکھر سکنہ جلالپور شریف سے پسٹل 30 بور (٥) ملزم اعجاز احمد ولد صالح محمد قوم جٹ سکنہ کھمب منڈی بہائوالدین سے پسٹل 30 بور (٦) ملزم قیصر گلفام ولد اللہ دتہ قوم بھٹی سکنہ امرہ کلاں سے 12بور ڈبل بیرل اور 32بور ریوالور، تھانہ ڈنگہ کے SI محمد انور نے مخبر خاص کی اطلاع پر ملزم صغیر احمد ولد بشیر احمد قوم گجر سکنہ بھائو گھسیٹ پور سے 1کلو چرس برآمد کر کے 9-Cکے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ٭تھانہ صدر گجرا ت پولیس نے دوران ناکہ بندی 2کس ملزمان سے ناجائز اسلحہ برآمد کرکے ملزمان کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے ۔ (١) ملزم وسیم اکرم ولد محمد اکرم سکنہ گلانوالہ سے پسٹل 30 بور (٢) ملزم عمران اشرف ولد محمد اشرف سکنہ ہریہ والہ سے 12بوررائفل ٭ تھانہ کڑیانوالہ پولیس نے دوران گشت ملزم ناصر جاوید ولد محمد شریف قوم گجر سکنہ پرسووال سے بندوق 12بور برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا ۔٭تھانہ کنجاہ پولیس نے ملزم محمد افضل ولد طالب حسین قوم شیخ سکنہ ساروکی سے رائفل 244 بور برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے عالمی دن کے سلسلہ میں امتیاز لیبر ہال فیض آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا
گجرات (جی پی آئی) چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے عالمی دن کے سلسلہ میں امتیاز لیبر ہال فیض آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے حکومت پر زور دیا گیا کہ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اس کے بغیر چائلڈ لیبر کا خاتمہ ممکن نہیں، جبکہ چائلڈ لیبر میں اضافہ انتہائی افسوسناک ہے کہ پاکستان میں جس تیزی سے چائلڈ لیبر میں اضافہ ہو رہا ہے ، اس کا مطلب ہے کہ ملک میں غربت میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اور عوام کو روزگار کے مواقع میسر نہیں ، تقریب کا
اہتمام محنت کش مزدوروں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیم آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز نے کیا تھا ، تقریب سے پیرزادہ امتیاز سید، رانا ایوب علی خان ایڈووکیٹ، چوہدری سلیمان ریاض، چوہدری ذکاء اللہ سوہی ، قاضی فرخ سجاد ، امتیاز حسین شاہین، محمد نوید، سہیل یوسف و دیگر نے بھی خطاب کیا ، جبکہ تنظیم کے زیر اہتمام چلنے والے تین سکولوں کے بچوں نے چائلڈ لیبر کے سلسلہ میں مختلف خاکے پیش کیے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک میں بہت سارے قوانین موجود ہی، اور جمہوری حکومتیں عالمی اداروں کے ساتھ انسانی حقوق کے مختلف دستاویزات پر دستخط تو کر چکی ہے، مگر ان قوانین پر عملدرآمد آج تک نہ ہو سکا ہے جو کہ جمہوری قوتوں کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں کی بھی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اگر انرجی بحران پر فوری قابو نہ پایا گیاتو وہ وقت دور نہیں جب ملک میں بیروزگاری، غریب اور لاقانونیت کا راج ہو گا، کیونکہ انرجی بحران کی وجہ سے کئی فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں، اور بیروزگاری کی وجہ سے چائلڈ لیبر میں اضافہ ہوا، حکومت اور اس کے اداروں کو پالیسی مرتب کر کے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا ، انہوں نے کہا کہ ہم محنت کش مزدوروں کے حقوق کیلئے تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں کے ساتھ بھی ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہیں ، تا کہ بچوں کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں ، اور پاکستان کا مستقبل پڑھا لکھا اور ہنر مند ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کرنے کے بجائے عوام پر ٹیکسوں میں اضافہ کرتی چلی جارہی ہے
گجرات(جی پی آئی) جماعت اسلامی ضلع گجرات کے راہنماوئوںسید ضیاء اللہ ایڈووکیٹ ،چوہدری عبدالستار پیرجنڈ،سید فیاض شبیر بخاری اورچوہدری عمران انور نے نیپرا کی طرف سے چند روز میں دو دفعہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے عوام کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے
بجائے عوام پر ہر ہفتے بجلی گرانا شروع کر دی ہے۔ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف کا پھندا اپنی گردن میں ڈال کر اربوں ڈالر قر ض حاصل کیا، موجودہ حکومت بھی اپنی پیشرو حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آئی ایم ایف سے پانچ ارب ڈالر کی خطیر رقم بطور قرض حاصل کرنے کے لیے اس سے مذاکرات کر رہی ہے ، موجودہ اضافہ اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ جماعت اسلامی ضلع گجرات کے راہنمائووں نے پاسبان میڈیا سیل میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بجلی تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے تمام شعبہ ہائے زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ خاص طور پر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں اضافے نے صنعت ، زراعت اور تجارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ صنعتیں اور کارخانے بند ہوچکے ہیں جس سے ناصرف لاکھوں مزدور بے روزگار ہو ئے ہیں بلکہ ملکی تجارت کا حجم بھی بری طرح بگڑ گیاہے ۔ برآمدات میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے اور درآمدات بڑھ رہی ہیں جس سے زر مبادلہ کے ذخائر کم ہونے سے بیرونی تجارت نہ ہونے کے برابر ہے ۔جماعت اسلامی ضلع گجرات کے راہنماوئوںنے کہاکہ سابقہ حکومت کی لوٹ مار کرپشن اور بے تحاشا بیرونی قرضوں پر ہمیشہ کے لیے پابندی لگانے کے دعوے کرنے والوں نے حکومت سنبھالتے ہی آئی ایم ایف او ر ورلڈ بنک کے سامنے جھولی پھیلا دی ہے اور بھیک کے حصول کے لیے ان کی کڑی سے کڑی شرائط ماننے پر تیار ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری معیشت کی تباہی میں جن عالمی مالیاتی اداروں کا ہاتھ ہے ، حکومت بار بار انہی کے آگے ہاتھ پھیلاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مستقل بھکاری بنائے رکھنے کے لیے عالمی صہیونی اداروں نے ہمارے پالیسی میکرز کو اپنی مٹھی میں بند کر رکھاہے جو کسی صورت بھی پاکستان کو خود انحصاری کی طرف بڑھتا اور اپنے قدموں پر کھڑا ہوتے نہیں دیکھ سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کو سود کی لعنت سے پاک کیے بغیر ہم سکھ کا سانس نہیں لے سکتے ۔ جی ڈی پی کا بڑا حصہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں خرچ ہورہاہے اور ستم بالائے ستم یہ ہے کہ سودی قسطوں کی ادائیگی کے لیے بھی مزید قرض لینا پڑتاہے ۔جماعت اسلامی ضلع گجرات کے راہنماوئوںنے کہاکہ حکومت اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کرنے کے بجائے غریب عوام پر ٹیکس میں اضافہ کرتی چلی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت آئی ایم ایف سے مزید قرضہ لینے کے بجائے اس کا پہلا قرض جلد سے جلد ادا کرنے کی تدابیر کرے ۔ جب تک ہم اس کے جال سے نہیں نکلتے ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکتے نہ ہم معاشی طور پر خوشحال ہوسکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دارالامان گجرات کی انچارج مسز غلام صغراں کی شاندار کارکردگی پر لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے خصوصی ایوارڈ دیا گیا
گجرات (جی پی آئی) دارالامان گجرات کی انچارج مسز غلام صغراں کی شاندار کارکردگی پر لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے خصوصی ایوارڈ دیا گیا، جو کہ بے سہارا خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کی بہتری کیلئے کام کرنے کے اعزاز میں تھا اس موقع پر مقررین نے مسز غلام صغراں کی کارکردگی کو بے حد سراہا جو وہ دارالامان کے پلیٹ فارم سے سرانجام دے رہی ہیں، امید ظاہر کی گئی کہ آئندہ بھی مسز غلام صغراں اس طرح کام کرتے ہوئے خواتین کی بہترین کیلئے اقدامات کرئے گی۔