گجرات کی خبریں 23.05.2013

خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں

گجرات (جی پی آئی) خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ، اگر خواتین کی مناسب حوصلہ افزائی کی جائے تو وہ تمام شعبوں میں اپنی صلاحتیں احسن انداز میں برئوے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتی ہیں ، ان خیالات کا اظہار ممبر مینجمنٹ کمیٹی صنعت زار نگہت اقبال قریشی نے انڈسٹریل ہوم صنعت زار گجرات میں کوکنگ ، بیکنگ مقابلہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ یہ صنعت زار کے سٹاف کی محنت ہے کہ تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا اور طالبات نے بہترین کھانے تیار کیے ہیں ، اگر ان طالبات کی مناسب حوصلہ افزائی ہو تو یہ طالبات نہ صرف اپنے ادارے بلکہ اپنے گھر میں اعلیٰ مقام حاصل کر سکتی ہیں ، طالبات کو کھانے پکانے کی مہارت حاصل ہونی چاہیے ، اس موقع پراول مریم ، دوئم بینش اور سوئم ربیعہ رہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی سی او گجرات آصف لودھی نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم صنعت زار کا اچانک دورہ کیا
گجرات (جی پی آئی)ڈی سی او گجرات آصف لودھی نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم صنعت زار کا اچانک دورہ کیا ، جہاں پر انہوں نے مختلف مسائل کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم صنعت زار گجرات کو فوری طور پر کسی اچھی بلڈنگ میں شفٹ کر کے انڈسٹریل ہوم کی نئی بلڈنگ تعمیر کی جانے کی ضرورت ہے ، کیونکہ موجودہ بلڈنگ انتہائی خستہ حال ہے ، اور یہ طالبات کیلئے خطرناک ہے ، ہم انڈسٹریل ہوم کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی طور پر اقدامات کرینگے ، اس موقع پر ڈی او سی شجاع قطب ، منیجر صنعت زار محمد ہاشم خان ، ممبر صنعت زار مینجمنٹ کمیٹی نگہت اقبال قریشی بھی موجود تھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سٹیزن فرنٹ سعودی عرب ونگ کا قیام عمل میں لایا گیا
گجرات (جی پی آئی) سٹیزن فرنٹ سعودی عرب ونگ کا قیام عمل میں لایا گیا ، جس کے صدر مرزا محمد شفیق ، سینئر نائب صدر ندیم مرزا ، جنرل سیکرٹری محمد خاور جاوید ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عتیق الرحمن ، نائب صدر افتخار احمد اور رابطہ سیکرٹری محمد یوسف ہونگے ، ان عہدیداران کا اعلان سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے صدر چوہدری علی ابرار جوڑا نے سعودی عرب کے دورہ کے دوران ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں سے ملاقات کے بعد ایک اجلاس میں کیا ، ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے یہ پاکستانی کافی عرصہ سے سعودی عرب میں سٹیزن فرنٹ کیلئے کام کرنے کے خواہش مند تھے ، اس موقع پر سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے صدر چوہدری علی ابرار جوڑا نے کہا کہ میں آپ سب لوگوں کو سٹیزن فرنٹ میں خوش آمدید کہتا ہوں کہ آپ سٹیزن فرنٹ کا نام سن کر خدمت کے جذبہ کے تحت اس میں شامل ہوئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم ضلع گجرات میں عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں مصروف ہیں ، آپ یہاں سعودی عرب میں پاکستانی بھائیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کروانے کیلئے مل جل کر کام کریں ، نو منتکب صدر سٹیزن فرنٹ سعودی عرب ونگ مرزا محمد شفیق نے کہا کہ حضور پاک ۖ کا ارشاد ہے کہ بغیر لالچ کے ہر کسی کے ساتھ نیکی کرنی چاہیے ہم خدمت انسانیت کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں ، ہمارا فرض ہے کہ اپنے حلقہ احباب میں اپنی تنظیم کو متعارف کروائیں ، اور سب اکٹھے ہو کر کام کریں ، نو منتخب جنرل سیکرٹری محمد خاور جاوید نے کہا کہ ہمارا دینی اور اخلاقی فرض ہے کہ معاشرے میں پیدا ہونے والے کسی بھی قسم کے بگاڑ کو روکیں اور اپنی قوم کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیں برئوے کار لائیں ، نو منتخب سینئر نائب صدر ندیم مرزا نے کہا کہ میں سٹیزن فرنٹ کے عہدیداران اور ممبران کو مبارک باد دیتا ہوں کہ اللہ پاک نے آپ لوگوں کو انسانیت کی خدمت کیلئے چن لیا ہے ، چونکہ ہماری تنظیم غیر سیاسی ہے ، اور اس میں کسی کا کوئی ذاتی مفاد نہیں ، اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم پوری محنت سے اپنا اپنا فرض سرانجام دینا چاہیے ، اجلاس میں عتیق الرحمن ، افتخار احمد ، محمد یوسف اور ہمایوں شکیل بھی اظہار خیال کیا ، اس موقع پر ممبران محمد رفیق ، محمد عدنان ، صداحسین ، اللہ دتا اور غلام عباس بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما صفدرعباسی اور ناہید خان نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پارٹی کو کسی نے سنبھالا نہیں دیا

گجرات (جی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما صفدرعباسی اور ناہید خان نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پارٹی کو کسی نے سنبھالا نہیں دیا ، جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو تین صوبوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ، آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کو ختم کر دیا ہے ، وہ خود غیر نظریاتی کارکن ہیں وہ اپنی سوچ کو بدلیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گجرات میں پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما رانا ظفر بھٹی کی رہائشگاہ پر ان کے سسر چوہدری محمد نصر اللہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندئوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، صفدر عباسی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ان کا خلا پر نہیں ہو سکا ، پیپلز پارٹی کو قیادت کا فقدان رہا ہے ، یہی وجہ ہے کہ آج پیپلز پارٹی کو الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پیپلز پارٹی کے ووٹ بنک میں کمی ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر کو اپنا مسکن بنا رکھا تھا اس سے باہر نکلنا گوارہ نہیں کیا نہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم کو چلایا ، پنجاب اور دیگر صوبوں میں آصف علی زرداری نے اپنے من پسند لوگوں کو پارٹی کی کمان دیکر نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کیا تو اس کے نتائج بھی مختلف ہونے تھے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بڑے بڑے آمر ختم کرنے کیلئے آئے مگر پارٹی ختم نہیں ہوئی ، لیکن آصف علی زرداری نے پانچ سالوں میں پیپلز پارٹی کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کو ق لیگ کے ساتھ اتحاد کر کے بڑا نقصان اٹھانا پڑا ، آصف علی نے پیپلز پارٹی کو ایک ادارے میں تبدیل کر دیا ہے ، اب پارٹی کو اس کے نظریاتی کارکن اور ووٹر ہی بچا سکتے ہیں ، لہٰذا اب آصف علی زرداری کو پیپلز پارٹی کی جان چھوڑ دینی چاہیے ، اسے دوبارہ متحرک اور فعال جماعت بنانے کیلئے دوبارہ کارکن اور ووٹر کے پاس جانا ہوگا ، اس موقع پر ناہید خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کو چاہیے کہ وہ بے نظیر بھٹو شہید انکم سپورٹ کے پروگرام کو ختم نہ کریں بلکہ اس کے طریقہ کار کو تبدیل کر کے اسے جاری رکھیں ، کیونکہ یہ پروگرام محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے صلہ میں شروع کیا گیا تھا ، لہٰذا میاں نواز شریف کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت کا احترام کرتے ہوئے اس پروگرام کو بند نہیں کرنا چاہیے ، محترمہ ناہید خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آصف علی زرداری ملک میں نئی پیپلز پارٹی بنا رہے ہیں اس لیے انہیں پرانے اور نظریاتی کارکنوں اور ورکروں کی اب ضرورت نہیں رہی ، سندھ میں بی بی سے محبت کرنے والے نے پیپلز پارٹی کو کامیاب کرایا ہے ، سندھ میں بھی آصف علی زرداری سے لوگ نفرت کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق سینٹر صفدر عباسی اور محترمہ ناہید خان نے کہا کہ گجرات کے لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں

گجرات (جی پی آئی) سابق سینٹر صفدر عباسی اور محترمہ ناہید خان نے کہا کہ گجرات کے لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں انہوں نے ہمیشہ پارٹی کے ساتھ اپنی محبت کا واضح ثبوت دیا ہے ، چوہدری احمد مختار جیسے شریف النفس انسان کی شکست کے ذمہ دار بھی آصف علی زرداری ہیں ، کیونکہ انہوں نے ق لیگ کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر بات نہیں کی اور نہ انہیں قائل کیا ، صفدر عباسی اور ناہید خان نے کہا کہ رانا انصر بھٹی ہمارے جھوٹے بھائیوں کی طرح ہے اس کی غمی اور خوشی میں شامل ہونا اپنا فرض منصبی سمجھتے ہیں ، جس پر رانا انصر بھٹی نے صفدر عباسی اور محترمہ ناہید خان کا گجرات آمد پر شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیف ایگزیکٹو گیپگو واپڈا گوجرانوالہ میں جو بھرتیاں کر رہا اسکے لئے رشوت وصول کر رہا ہے:ملک مظہر اقبال اعوان
گجرات(جی پی آئی)گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ملک مظہر اقبال اعوان نے الزام عائد کیا ہے کہ چیف ایگزیکٹو گیپگو واپڈا گوجرانوالہ میں جو بھرتیاں کر رہا ہے اس کے وہ 20 سے 25 لاکھ روپے وصول کر رہا ہے ۔ اب نئی حکومت آ گئی ہے اور چیف ایگزیکٹو گیپگو کو معلوم ہے کہ ان کی چھٹی ہونیوالی ہے اس لیے وہ نئی حکومت کے حلف اٹھانے سے قبل دیہاڑی لگا رہے ہیں ۔ انہوںنے نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف نوٹس لیں اور اس بھرتی کو رکوائیں آج گوجرانوالہ میں بھرتی کا عمل شروع ہو رہا ہے اور ایس ڈی او وغیرہ بھرتی کیے جا رہے ہیں ہم نے ن لیگ گجرات گوجرانوالہ کی قیادت کو آگاہ کر دیا ہے اور اس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں گیپگو کے چیف ایگزیکٹو کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اور وہ جاتے وقت بھی اس ادارے کو تباہ کرنے کی مزید سازش کر رہے ہیں ۔ جو لوگ رشوت دیکر بھرتی ہو نگے وہ اس ادارے کو تباہ کر دینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انتخابات میں ہونیوالی دھاندلیوں کیخلاف پی ٹی آئی کے کارکن بھر پور احتجاجی دھرنا دینگے:عرفان سلیم بٹ
گجرات(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف تحصیل گجرات کے صدر عرفان سیلم بٹ نے کہا ہے کہ گیارہ مئی کے ہونیوالے انتخابات میں ہونیوالی دھاندلیوں کیخلاف الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر پی ٹی آئی کے کارکن بھر پور احتجاجی دھرنا دینگے اور احتجاج ریکارڈ کرائینگے ۔ گجرات سے چوہدری سلیم سرورجوڑا کی قیادت میں قافلے روانہ ہو گا کارکنان آج ایک بجے جوڑا ہائوس رحمان شہید پر جمع ہونگے اور بڑی ریلی کی شکل میں اسلام آباد روانہ ہونگے ۔ انہوںنے کہا کہ پورے پاکستان اور دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان میں ٹیکنیکل طریقہ سے دھاندلی کر کے پی ٹی آئی کو اقتدار باہر رکھا گیا ہے مگر ہمارا قائد ہمت نہیں ہارے گا انشاء اللہ تعالیٰ ہماری نظریاتی جنگ جاری رہے گی ۔ پی ٹی آئی ایک بہترین اور مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریگی اور صوبہ سرحد میں مثالی حکومت کر کے کے عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائے گی ۔عرفان سلیم بٹ نے کہا کہ کارکنان آج تاریخی دھرنا میں ضرور شریک ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری آصف اقبال کا ختم قل آج پڑھا جائیگا
گجرات(عرفان یوسف)چوہدری پرویز اقبال (ر)اسٹینٹ ڈائریکٹر لیبر اینڈ انڈسٹریاسلام آباد والے چوہدری اسد اقبال جرمن ہائوس محمدی بازار والے مرکزی انجمن تاجران کے نائب صدر چوہدری ہمایوں اقبال کے بھائی چوہدری آصف اقبال جو کہ گزشتہ روز جرمنی میں انتقال کر گئے تھے ان کا نمازِجنازہ جرمنی میں ادا کردیا گیاان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لئے حتمِ قل آج بروز جمعہ صبح 10بجے جامع مسجد صدیقیہ محلہ علی مسجد میں پڑھا جائے گا اور دعا ٹھیک 10:30بجے ہو گئی تمام دوست احباب شرکت فرماکر ثوابِ درین حاصل کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گریپ گجرات کے زیر اہتمام صنفی مرکزیت اور حساسیت کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا
گجرات(جی پی آئی)گریپ گجرات کے زیر اہتمام صنفی مرکزیت اور حساسیت کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں یونین کونسلوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔اس موقع پر جینڈر سپیشلسٹ محمد ارشد بیگ، نگہت اقبال قریشی، ای ڈی او سی ڈی چوہدری محمد نواز، ڈی او سی او اقبال گوندل نے اظہار خیال کیا۔اس موقع پر لیکچر دیتے ہوئے نگہت اقبال قریشی نے کہا کہ سیکرٹری یونین کونسل انتظامیہ کا بنیادی ترین حصہ ہے جس کا عوام سے قریبی رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری یونین کونسل اپنا ڈیٹا ہرلحاظ سے اپ ڈیٹ رکھیں کیونکہ آئندہ حکومت کی جینڈر کی بنیاد پر پالیسوں کی بنیا د انکا یہی ڈیٹا ہو گا جس میں بچوں کی شرح پیدائش، انکی جنسی تفریق، بچوں کی شرح اموات و پیدائش، جنس کی بنیاد پر انکی تفصیلات اور انکی ضروریات سے مکمل آگاہی ضروری ہے۔ انہوں نے واضع کیا کہ جینڈر سے مراد ہر گزجنسی پالیسی نہیں بلکہ وہ رول ہے جو معاشرے میں بہتری کے لئے مرد و خواتین کو دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں برابری کو بنیاد بنانے کے بجائے ضرورت کو بنیاد بنانا ہوگا تاکہ جس علاقے میں اور جس آبادی (مرد یا عورت) کے لئے جس سہولت کی ضرورت ہے وہ فراہم کی جاسکے۔انہوں نے واضع کیا کہ آئند ہ دور حکومت میں بھی سیکرٹری یونین کونسل کے رول میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں تاہم اس میں بہتری ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری یونین کونسل کے پاس جس قد ر بہتر اعداد و شمار ہوں گے حکومت کی اس علاقے اور جینڈر کے لئے پالیسی اتنی ہی بہتر ہوگی۔اختتام پر شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دسٹرکٹ کوآرڈینیشن کونسل فار این جی اوز کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین جاوید بٹ منعقد ہوا
گجرات(جی پی آئی )دسٹرکٹ کوآرڈینیشن کونسل فار این جی اوز کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین جاوید بٹ منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ فلڈ ریلیف آفیسر و اسسٹنٹ کمشنر گجرات چوہدری عمر فاروق وڑائچ، ڈی او سوشل ویلفئیر محمد ارشد، صدر سحر ویلفئیر سوسائٹی نگہت اقبال قریشی، سید امتیاز شاہ صدر عائشہ ویلفئیر سوسائٹی گجرات، سید ضیا علی شاہ صدر انجمن فلاح عوام لالہ موسیٰ، منظور احمد صدر آمنہ فضل ممتاز میموریل ویلفئیر ٹرسٹ سرائے عالمگیر، اللہ دتہ صابر صدر فاروق شہید فائونڈیشن سرائے عالمگیر، صوبیدار سعی محمد صدر ٹی بی ایسوسی ایشن کھاریاں، ڈی ڈی او سوشل ویلفیئر شفقت بٹ اور دیگر افسران و نمائندگان این جی اوز نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ فلڈ ریلیف آفیسر و اسسٹنٹ کمشنر گجرات چوہدری عمر فاروق وڑائچ نے شرکاء کو آمدہ مون سون میں بارشوں اور متوقع سیلاب جیسی ناگہانی صورت حال میںانتظامیہ کے فلڈ ریلیف پلان سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ناگہانی صورت میں متاثرین کو ریلیف کی فراہمی میں این جی اوز کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ اس موقع پر چئیرمین ڈی سی سی جاوید بٹ نے یقین دلایا کہ سیلابی صورت حال پیدا ہونے کی صورت میں این جی اوز متاثرین کو خوراک، کپڑوں، ادویات اور موبائل ٹوائلٹس کی فراہمی میں بھر پور تعاون کریں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این جی اوز اور ضلعی انتظامیہ اس مقصد کے لئے ایک دوسر ے کے ساتھ رابطہ میں رہیں گے۔اس موقع پر بھر پور تعاون کی یقین دہانی پر چوہدری عمر فاروق وڑائچ نے این جی اوز کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رسول رحمت صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم کی سنتوں کی فضیلت اور عظمت بے مثال ہے :محمد الیاس عطار قادری
گجرات(جی پی آئی) تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کے بانی امیر اہلسنت مولانا محمد الیاس عطار قادری نے کہا کہ رسول رحمت صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم کی سنتوں کی فضیلت اور عظمت بے مثال ہے جن پر عمل کرکے مومن اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرور کائنات صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم کا فرمان عالی شان ہے جس نے میری سنت سے محبت کی اُس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے مجھ سے محبت کی وہ جنت میں میرے ساتھ ہو گا ۔ مولانا محمد الیاس عطار قادری نے کہا کہ اعلیٰ اخلاق اور اچھی عادات مومن کے مرتبہ اور عزت میں اضافہ کرتی ہیں ،کھڑے ہو کر کھانا پینا، غیر ضروری طویل گفتگو اور راہ چلتے جو چیز بھی آڑے آئے اسے لاتیں مارتے جانا قطعاً غیر مہذب عادتیں جن کو بلا تاخیر چھوڑ دینا چاہیے،انہوں نے کہا کہ اسی طرح سڑک پار کرنے کیلئے زیبرا کراسنگ یا اوور ہیڈ پُل کا استعمال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پانی پینے سے قبل بسم اللہ پڑھیں اور چھوٹے چھوٹے گھونٹ پئیں،بڑے بڑے گھونٹ پینے سے جگر کی بیماری پیدا ہوتی ہے، مولانا محمد الیاس عطار قادری نے کہا کہ قرآن اور صاحب قرآن صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت اور آپ صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم کی حیات آفرین سنتوں پر عمل کرکے مومنین دنیا اور آخرت کی تمام بھلائیاں حاصل کر سکتے ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ ہر اسلامی بھائی کوئی بھی اچھا کام کرنے سے پہلے بسم اللہ شریف ضرور پڑھ لیا کرے اس سے خیر و برکت ہو تی ہے اور شیطانی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔