امسال حج اخراجات میں فی حاجی کو حکومت 20 ہزار روپے ریلیف دے گی

لاہور: مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ناظم اعلی اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ امسال حج اخراجات میں فی حاجی کو حکومت 20 ہزار روپے ریلیف دے گی اور رمضان المبارک سے پہلے حجاج کرام کو رہائش گاہیں آلاٹ کر دی جائیں گی۔

مرکزی دفتر 106 راوی روڈ میں علماء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پچھلے سال پرائیوٹ حج ٹو ر آپریٹرز کے حج کوٹے میں کی گئی 15 فی صد کمی امسال پوری کر دی جائے گی۔تاہم ان پر سخت چیک رکھا جائے گا۔

ماضی کی طرح حج کو لوٹ مار کا ذریعہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ حجاج کو 20 ہزار روپے کا ریلیف رہائش گاہ کی مد میں دیا جا رہا ہے۔ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ائیر لائنز کمپنیوں سے کرائے بھی کم کرائے جائیں اور اس سلسلے میں انہیں کرائے میں اضافے سے روک دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت حج کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کو ششیں کی جا رہی ہیں۔