ہنگو میں جماعت اسلامی کے رہنما کی گاڑی پر بم حملہ

Hangu

Hangu

پشاور(جیوڈیسک)امیدواروں اور سیاسی پارٹیوں پر حملوں کا سلسلہ روکا نہیں جا سکا، ہنگو میں جماعت اسلامی کے امیدوار بم حملے میں محفوظ رہے، پشاور کے پچگی روڈ پر تحریک انصاف کے دفتر کے قریب دھماکہ ہو گیا تاہم کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ہنگو، انتخابی امیدواروں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دہشت گردوں نے آج ہنگو سے این اے39 سے جماعت اسلامی کے امیدوار کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ راج محمد انتخابی مہم کے سلسلے میں گاڑی پر جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک دیا۔ راج محمد حملے میں محفوظ رہے تاہم گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔ دہشت گردوں کی جانب سے پشاور میں تحریک انصاف کے دفتر کو نشانہ بنانے کی کوشش بھی ناکام ہوگئی۔

پچگی روڈ پر دفتر کے قریب سڑک کے کنارے بم نصب کیا گیا تھا جس کی اطلاع بم ڈسپوزل سکواڈ کو دی گئی۔ بم ناکارہ بناتے ہوئے پھٹ گیا جس سے تحریک انصاف کے دفتر کی بیرونی دیوار اور ایک دکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم بم ڈسپوزل سکواڈ محفوظ رہا۔ پولیس کے مطابق بم جس جگہ نصب کیا گیا تھا وہ علاقہ پولیس کی موبائل گاڑی کا روٹ تھا جسے دہشت گرد نشانہ بنانہ چاہتے تھے۔