حزب اللہ کے وینزویلا میں فعال سیل موجود ہیں: مائیک پومپیو

Mike Pompeo

Mike Pompeo

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے وینزویلا میں فعال سیل موجود ہیں۔انھوں نے یہ بات فاکس بزنس چینل سے ایک انٹرویو میں کہی ہے۔

ان سے یہ سوال کیا گیا تھا کہ کیا وینزویلا حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ’’ بُرے کرداروں ‘‘ کی وجہ سے ایک خطرے سے بڑھ کر ہے؟ مائیک پومپیو نے اس کے جواب میں کہا :’’ لوگ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے ہیں کہ حزب اللہ کے فعال سیل ہیں۔ایرانی وینزویلا کے عوام اور پورے جنوبی امریکا میں اثر انداز ہورہے ہیں‘‘۔

انھوں نے کہا:’’ ہماری یہ ذمے داری ہے کہ ہم امریکا کو درپیش اس خطرے کا خاتمہ کریں‘‘۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ’’ پولش دارالحکومت وارسا میں ہونے والے اجلاس میں جنوبی امریکا اور دنیا بھر میں درپیش اس قسم کے خطرات سے نمٹنے کے بارے میں گفتگو کی جائے گی‘‘۔وہ پولینڈ میں آیندہ ہفتے منعقد ہونے والی کانفرنس کا حوالہ دے رہے تھے۔اس کا مرکزی موضوع ایران اور اس سے درپیش خطرات ہی ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکا اور عرب لیگ نے ایران کی حمایت یافتہ لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔اس پر یہ الزام عاید کیا جاتا ہے کہ اس نے ایک جانب تو اسرائیل کی مزاحمت جاری رکھی ہوئی ہے مگر دوسری جانب ایران کے ایما پر دوسرے ممالک میں تخریبی سرگرمیوں میں بھی ملوّث ہے اور وہ اس کو اپنے آلہ کار کے طور پر استعمال کررہا ہے۔