آئی ایم ایف نے حکومت کی ملی بھگت سے قومی معیشت کو یرغمال بنا لیا ہے، تحریک تحفظ پاکستان

تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنماء روحیل اکبر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت کی ملی بھگت سے قومی معیشت کو یرغمال بنا لیا ہے۔ حکمران قرضے کی اگلی قسط کیلئے آئی ایم ایف کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہے ہیں، قومی مفاد ات سے متصادم ان شرطوں کو مسترد کر دیا جائے۔ کیونکہ حکومت کی ناقص معاشی اصلاحات کی قیمت عوام کو چکانا پڑتی ہے۔آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلے بغیر ملک میں مہنگائی کا طوفان نہیں تھم سکتا۔

اگر حکمران اسی طرح بند آنکھوں سے آئی ایم ایف کے مفادات کا خیال رکھتے رہے تو عوام کا کیا بنے گا ان اپنے ایک بیان انہوں نے کہا کہ معیشت کوٹیک آف کی پوزیشن پر لانے، توانائی بحران کا پائیدار حل تلاش اور مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے وفاقی حکومت ہنگامی بنیادوں پر دوررس اقدامات اٹھائے۔ مہنگائی اورتوانائی بحران کے ہوتے ہوئے پاکستان درپیش چیلنجز سے نبرد آزما نہیں ہو سکتا جبکہ توانائی بحران سے زراعت اور صنعت سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

حکومت بجلی مزید مہنگی کرنے سے گریز کرے ورنہ اس وقت جو چند ایک صنعتی ادارے کام کررہے ہیں خدانخواستہ وہ بھی بند ہو جائیں گے انہوں نے کہا آئی ایم ایف سے ہدایت لے کر ملک نہیں چلائے جاسکتے ۔آئی ایم ایف کا اپنا ایجنڈا ہے جس کے تحت وہ حکومتو ں کو ہدایات جاری کرتا ہے جو حکومت اس ادارہ کی ہدایت پر عمل کرتی ہے وہ
تباہ ہو جاتی ہے۔ موجودہ حکومت معاشی پالیساں آئی ایم ایف کے مفاد کے مطابق نہیں عوام کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے بنائے۔

بجلی کی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لئے نئی پالیسی بنائی جائے۔ مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے مگر نہ جانے کیوں وفاقی حکومت اس مسئلہ کی طرف توجہ نہیں دے رہی بجلی کی قیمت میں اضافہ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔