غیر قانونی تجاوزات کے سد باب کے لئے منصوبہ بندی کے تحت مہم چلانے کا فیصلہ

اسلام آباد : چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی ہدایت پر سی ڈی اے نے اسلام آباد کے رہائشی علاقوں کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال میں لانے اور غیر قانونی تجاوزات کے سد باب کے لئے بھرپور جامع منصوبہ بندی کے تحت خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں سی ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد کی صدارت میں ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی (آپریشن)، ایس ایس پی اسلام آباد کے علاوہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ و بحالیات، قائم مقام ڈائریکٹر انفورسمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پرممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد نے کہاکہ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی اور تجاوزات کے مرتکب افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور حکمت عملی کے تحت یہ خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ اسلام آباد کو صاف ستھرا، تجاوزات سے پاک خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر دو ہزار سے زائد نوٹسز اور شو کاز جاری کئے جا چکے ہیں۔ ممبر ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ اسلام آباد منصوبہ بندی کے تحت بسایا جانے والا ملک کا واحد شہر ہے اور اس کی خوبصورتی اور انفرایت کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔