آئی ایم ایف کے ہاتھوں ملک بیچنے والوں کا احتساب عوام کرے گی۔ راجہ یاسر سرفراز

Yasir Shah

Yasir Shah

چکوال : پاکستان تحریک انصاف ضلع چکوال کے صدر راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مونگ پھلی کی در آمد بند کر کے چکوال کے کا شتکاروں کے حقوق کا تحفظ نہ کیا گیا تو ہم سراپا احتجاج بن جائیں گے۔آئی ۔ایم۔ایف کے ہاتھوں ملک بیچنے والوں کا احتساب عوام کرے گی۔عوام کو معاشی تحفظ فراہم کرنا کسی بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے۔اور خطہ پوٹھوہار کی معیشت چھوٹے کاشتکاروں کے سر پر چلتی ہے جن کی اہم ترین فصل مونگ پھلی ہے۔

موجودہ حکومت کی آئی۔ایم۔ایف زدہ پولیسیوں نے ایک طرف تو مہنگائی سے عوام کی کمر توڑ دی ہے تو دوسری طرف ان سے آمدنی کا زریعہ بھی چھینا جا رہا ہے۔ہمارے خطے کی مونگ پھلی نہ صرف ذائقے میں بہترین شمار کی جاتی ہے بلکہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

ایک طرف تو یہاں موجود ڈیموں کا پانی نہ استعمال کر کے ہمارے کاشتکاروں کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے اور دوسری طرف حکومت اپنے پیارے دوست ہندوستان سے مونگ پھلی درآمد کر کے ہمارے کاشتکاروں کی قبر میں آخری کیل ٹھونک رہی ہے۔ان کو اس دن سے ڈرنا چاہیے جس دن ہمارے خطے کے کاشتکار نے اپنے ہل چھوڑ کر بندوق اٹھا لی۔

بہت جلد تحریک انصاف نہ صرف دھنی بلکہ پورے پوٹھوہار کے کاشتکاروں کو یکجا کر کے ان کی آواز کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائے گی۔اور اگر اسے نہ سنا گیا تو ہم اپنی بقا کی جنگ کے لئے اٹھ کھڑے ہوںگے۔